ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی: روہنی کے رٹھالا علاقے میں کیمیکل فیکٹری میں خوفناک آگ، 4 افراد ہلاک، 3 شدید زخمی

دہلی: روہنی کے رٹھالا علاقے میں کیمیکل فیکٹری میں خوفناک آگ، 4 افراد ہلاک، 3 شدید زخمی

Wed, 25 Jun 2025 19:58:20    S O News

نئی دہلی، 25/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی کے روہنی سیکٹر 5، رٹھالا علاقے میں واقع ایک پانچ منزلہ عمارت میں منگل کی شام ایک کیمیکل فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، جس میں چار افراد ہلاک ہو گئے جبکہ تین دیگر جھلس کر زخمی ہو گئے۔ حادثے کے وقت عمارت میں کئی افراد موجود تھے۔

فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی 16 فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں۔ دہلی فائر سروس کے چیف اتل گرگ نے بتایا کہ واقعہ رٹھالا میٹرو اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔

پولیس کے مطابق، ابتدائی اطلاع رات 7:29 بجے راجہ وہار پولیس اسٹیشن کو موصول ہوئی، جس کے بعد مقامی پولیس اور ایمرجنسی ٹیم فوری طور پر رانا کمپلیکس گیٹ نمبر 2 پہنچ گئی۔ عمارت میں کئی لوگ پھنسے ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق :گراؤنڈ اور فرسٹ فلور پر نیتن بنسل کے ذریعے ریڈی میڈ اور پلاسٹک بیگ بنانے کا کام ہو رہا تھا۔ سیکنڈ فلور پر انند نامی شخص کے کپڑے سے متعلق یونٹ تھا۔ تیسرے اور پانچویں فلور کو راکیش اروڑا گودام کے طور پر استعمال کر رہا تھا، جو ڈسپوزیبل سامان کی سپلائی کرتا ہے۔

ابتدائی طور پر تین زخمیوں کو بچا کر بی ایس اے اسپتال پہنچایا گیا جن کی شناخت نیتن بنسل (31)، راکیش (30) اور ویرندر (25) کے طور پر کی گئی۔ نیتن اور راکیش کو بعد میں آر ایم ایل اسپتال منتقل کیا گیا، ان دونوں کو 80 فیصد جھلسنے کی چوٹیں آئی ہیں، جبکہ ویرندر کو معمولی زخم آئے۔

آدھی رات کے بعد تقریباً 1:15 بجے تین جلی ہوئی لاشیں پہلی منزل سے برآمد ہوئیں جو ناقابل شناخت تھیں، بعد میں ایک اور لاش ملی۔ فائر فائٹنگ ٹیم نے بدھ کی صبح 6 بجے تک نچلے فلور پر آگ پر قابو پا لیا تھا، لیکن تیسرے اور اوپری فلور پر شدید دھویں کی وجہ سے آپریشن بدستور جاری ہے۔

پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹ نے آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ملبے میں مزید افراد کے پھنسے ہونے کا شبہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔


Share: