
بھٹکل، 29 / مئی (ایس او نیوز) شہر کے معروف این آر آئی اور امریکہ میں مقیم تاجر وامن رام ناتھ شانبھاگ کی جانب سے عطیہ کردہ 50لاکھ روپئے کی لاگت سے بھٹکل تعلقہ سرکاری اسپتال میں دس بستروں پر مشتمل ’ایمرجنسی اینڈ ٹراما وارڈ‘ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔
اس موقع پر شانبھاگ نے بتایا کہ تعلقہ کے عوام کی سہولت کے لئے میں نے حال ہی میں فوت ہوئی اپنی اہلیہ گیتا شانبھاگ کے نام پر سرکاری اسپتال میں اس وارڈ کی تعمیر کے لئے پچاس لاکھ روپیوں کا عطیہ دیا ہے ۔ یہ خدمت کسی مخصوص طبقے تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد سماج کے تمام طبقات کو فائدہ پہنچانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھٹکل کے سرکاری اسپتال میں غریب مریضوں کو ملنے والی سہولتوں کو دیکھتے ہوئے یہاں کی ایڈمنسٹریٹیو میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سویتا کامتھ سے بات چیت کی اور اس اسپتال کے لئے درکار دوسری ضرورتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ جس کے بعد میں نے دس بستروں والے ایمرجنسی ٹراوما وارڈ کے لئے عمارت تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ۔
ناگ یکشی دھرم دیوی سنستھان کے صدر رام داس پربھو نے وامن شانبھاگ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بیرون ملک میں کی گئی اپنی محنت کی کمائی کو سماج سدھار کے لئے عطیہ کیا ہے ۔
مرچنٹس ایسو سی ایشن کے صدر شریدھر شانبھاگ نے بتایا کہ وامن شانبھاگ بھٹکل میں اپنے والد کا کاروبار سنبھال رہے تھے ، لیکن انہیں امریکہ میں منتقل ہونے کی خواہش تھی ۔ انہوں نے وہاں جا کر محنت و مشقت سے یہ مقام حاصل کیا ہے ۔ وہ نیو انگلش اسکول کے سابق طالب علم ہیں ۔ انہوں نے اپنی مادر علمی کے لئے بھی بہت بڑی رقم عطیہ میں دی ہے ۔
سٹیزنس فورم کے صدر ستیش کمار نے کہا کہ بھٹکل کے ایک شخص کی امریکہ جیسے دور دراز ملک میں کامیاب تجارت کے ذریعے کمائی گئی رقم کو سماج کے لئے عطیہ کرنا ہم بھٹکل والوں کے لئے خوش قسمتی کی بات ہے ۔ نامدھاری سماج کے اعزازی صدر کرشنا نائک اسارکیری ، بلاک کانگریس کے صدر وینکٹیش نائک اور نامدھاری سماج کے سابق صدر ایم آر نائک نے بھی وامن شانبھاگ کی طرف سے خیراتی کاموں میں تعاون کی ستائش کی ۔ پروگرام کی صدارت تعلقہ اسپتال کی ایڈمنسٹریٹیو میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سویتا کامت نے کی ۔
اس موقع پر معلومات فراہم کرتے ہوئے معروف سماجی کارکن نذیر قاسمجی نے بتایا کہ بھٹکل سرکاری اسپتال میں دس بستروں پر مشتمل فُل فنکشنل آئی سی یو (اینٹنسیو کیر یونٹ) اور ایچ ڈی یو ( ہائی ڈیپینڈینسی یونٹ کے ساتھ ساتھ این آئی سی یو (نیو بورن آئی سی یو) پہلے سے موجود ہے، ایمرجنسی مریضوں کو ایمرجنسی وارڈ میں رکھ کر معائنے کے لئے کمرے دستیاب نہیں تھے، جس کی تعمیر کے لئے وامن شانبھاگ صاحب نے پچاس لاکھ روپئے کی لاگت سے نئی عمارت تعمیر کرنے کی خواہش ظاہر کی، جس کے لئے بھٹکل کے تمام عوام ان کے شکر گذار ہیں۔ بھٹکل کے مختلف سماجی و سیاسی رہنماؤں نے وامن شانبھاگ کی انسان دوست خدمت کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ دوسرے افراد بھی ان کے نقش قدم پر چلیں گے۔
اس موقع پر سرکاری اسپتال کے ڈاکٹر لکشمیش، ڈاکٹر ستیش بی، ڈاکٹر سرکھشیت شیٹی کے علاوہ ڈاکٹر سریش نائیک، وسنت شانبھاگ، راجیش نائیک، رمیش کھاروی، عبدالسمیع کولا،نذیر قاسمجی، سلمان شیخ، نثار احمد، وینکٹیش نائک اسارکیری جیسے لیڈران اور اسپتال کا عملہ سے متعلقہ افراد موجود تھے ۔