ہاویری ،25/ مئی (ایس او نیوز) صبح کے وقت چہل قدمی کے دوران پاوں پھسل کر پانی کے گڈھے میں گرنے سے باپ اور بیٹے کی موت واقع ہوگئی ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق کل صبح کے وقت پیش آئے اس حادثے میں فوت ہونے والوں کی شناخت شمبھو لنگپّا ہنسبھاوی (40 سال) اور اس کے بیٹے شرت ہنسبھاوی (8 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
بتایا جاتا ہے شمبھو لنگپّا اپنے معذور بیٹے کو صبح کے وقت چہل قدمی کے لئے لے گیا تھا ۔ اس دوران شہر کے درمیان میں موجود پانی کے گڈھے کے پاس شرت کا پیر پھسل گیا اور وہ پانی میں گر گیا ۔ اسے بچانے کی کوشش میں شمبھو لنگپّا کا بھی پیر پھسل گیا اور وہ بھی گڈھے میں گر گیا ۔ دونوں کو تیراکی نہیں آنے کی وجہ سے وہ پانی میں ڈوب کر فوت ہوگئے ۔ اس موقع پر جنگل کی طرف جانے والے ایک شخص نے باپ اور بیٹے کو گڈھے میں ڈوبتا دیکھ کر انہیں بچانے کے لئے اپنے جان پہچان والوں کو فون کرکے بلایا مگر مدد کے لئے کسی کے آنے سے قبل دونوں کی موت واقع ہوگئی ۔
دیہی پولیس کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر معائنہ کیا اور لاشوں کو گڈھے سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لئے ضلع اسپتال کے مردہ خانے میں بھیج دیا ۔ ہاویری دیہی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا ہے ۔