بھٹکل 28/مئی (ایس او نیوز): نوجوان قوم و ملت کی سب سے بڑی امانت ہیں، اگر ان کی صلاحیتوں، جذبات اور قوت کو صحیح رخ دیا جائے تو وہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، لیکن اگر انہیں ذاتی مفادات، نفرت یا غلط راستوں کے لئے استعمال کیا جائے تو نہ صرف وہ نوجوان برباد ہوتے ہیں بلکہ پوری قوم اور سماج تباہی کے دہانے پر پہنچ جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے جمعرات کو بھٹکل کی تاریخی جامع مسجد میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صبح سات بجے عید کی دوگانہ نماز پڑھانے کے بعد مولانا نے عربی خطبہ پیش کیا، بعد ازاں اس کا اردو ترجمہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملت اور سماج کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ ان کے اندر بے پناہ صلاحیتیں، جذبہ اور قوت کار پائی جاتی ہے، اس لئے ان کی صحیح تربیت، رہنمائی اور نگرانی بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ نوجوانوں کے جذبات کو بھڑکا کر یا انہیں گمراہ کرکے اپنے ذاتی، سیاسی یا سماجی مفادات حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ دراصل پوری قوم کے مستقبل سے کھیلتے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی توانائی، علم، صلاحیت اور وقت کو قوم و ملت کی تعمیر، تعلیم کے فروغ، سماجی خدمت اور ملک و معاشرے میں امن و بھائی چارگی کے قیام کے لئے استعمال کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان اگر اپنے بڑوں، علماء اور ذمہ دارانِ ملت کی رہنمائی میں رہیں تو وہ قوم کے لئے نعمت ثابت ہوسکتے ہیں، لیکن اگر وہ بے راہ روی، اشتعال انگیزی یا غلط صحبت کا شکار ہوجائیں تو اس کے منفی اثرات پورے معاشرے پر مرتب ہوتے ہیں۔
بھٹکل میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری شدید گرمی اور وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے پیش نظر اس مرتبہ عیدالاضحیٰ کی نماز شہر کی مختلف جامع مساجد میں ادا کی گئی۔ خلیفہ جامع مسجد میں مولانا شکیب شاہ بندری ندوی، مخدوم کالونی جامع مسجد میں مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی، نوائط کالونی تنظیم جامع مسجد میں مولانا انصار خطیب مدنی، نور مسجد میں مولانا امین رکن الدین ندوی سمیت دیگر مساجد میں ہزاروں فرزندانِ توحید نے عید کی دوگانہ نماز ادا کی۔ نماز کے بعد سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانیاں دی گئیں۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔