
بھٹکل، 16 مئی (ایس او نیوز): عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ضلعی سطح کا اہم اجلاس، جسے مقامی کنڑا زبان میں "جناسپندنا پروگرام" کہا جاتا ہے، کل 17 مئی کو بھٹکل میں منعقد ہو رہا ہے، جس کی صدارت اُترکنڑا ضلع کے انچارج وزیر اور ماہی گیری، بندرگاہ اور اندرونِ آبی نقل و حمل کے وزیر منکال وئیدیا کریں گے۔
اس اجلاس میں کاروار سے ڈپٹی کمشنر سمیت ضلع کے تمام اعلیٰ افسران اور مختلف محکموں کے ذمہ داران شرکت کریں گے۔ یہ اجلاس صبح 10 بجے نیو انگلش اسکول بھٹکل کے احاطے میں واقع کملاوَتی شانبھاگ میٹنگ ہال میں منعقد ہوگا، جہاں عوام کو موقع دیا جائے گا کہ وہ اپنے یا اپنے علاقہ کے مسائل براہِ راست افسران کے سامنے رکھ سکیں۔
مقامی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے اپنی شکایات اور مسائل براہِ راست اعلیٰ حکام اور منتخب عوامی نمائندوں کے سامنے پیش کریں۔