منگلورو، 26 مئی: (ایس او نیوز ) محکمہ موسمیات اور کرناٹک ریاستی قدرتی آفات محکمہ کی پیشگی اطلاع کے مطابق دکشن کنڑا ضلع میں شدید بارش کی پیش گوئی کے تحت ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے پیش نظر ضلعی آفاتِ سماوی محکمہ نے فوری طور پر احتیاطی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ضلع بھر میں مختلف علاقوں کے لیے انسیڈنٹ کمانڈرز تعینات کیے گئے ہیں، جنہیں 24 گھنٹے چوکنا رہنے اور عوامی شکایات پر فوری کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے، اور ضلعی کنٹرول روم سے مسلسل رابطے میں رہنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
شہر کی 60 وارڈوں کے لیے انجینئرز، 223 گرام پنچایت علاقوں میں پنچایت ڈیولپمنٹ آفیسرز، اور 13 بلدی اداروں میں چیف افسران کو انسیڈنٹ کمانڈرز مقرر کیا گیا ہے۔ تمام انسیڈنٹ کمانڈرز کو اپنے متعلقہ علاقوں کا دورہ کر کے احتیاطی اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کو کہا گیا ہے۔
ضلع میں 135 راحت مراکز کی نشاندہی کی گئی ہے، جو ہنگامی حالات کے لیے تیار رکھے جائیں گے۔ اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز کے قریب موجود خطرناک درختوں کی شاخیں اگر بجلی کے تاروں سے ٹکرانے کے خطرے میں ہوں تو ان کی فوری کٹائی کے لیے محکمہ بجلی اور جنگلات کو ہدایت دی گئی ہے۔
انسیڈنٹ کمانڈرز، انجینئرز اور اسکول کے پرنسپلوں کو مشترکہ معائنہ کر کے اسکول عمارتوں کی حفاظتی تصدیق کا عمل مکمل کرنے کو کہا گیا ہے۔
مزید احتیاطی اقدامات کے طور پر پُتور میں 25 اہلکاروں پر مشتمل NDRF ٹیم اور سبرامنیا میں 10 اہلکاروں پر مشتمل SDRF ٹیم تعینات کی گئی ہے۔ بچاؤ کے کاموں کے لیے 26 بوٹس، JCB مشینیں، ٹپر اور کرینز وغیرہ تیار رکھے گئے ہیں۔ ماہی گیروں کو سمندر میں جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے، اور جو کشتیاں پہلے ہی سمندر میں ہیں، انہیں فوراً ساحل پر واپس آنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ عوام اور سیاحوں کو پہاڑی علاقوں، دریا، تالاب اور سمندر کے کنارے جانے سے روکا گیا ہے۔ خطرناک مقامات اور کمزور پلوں پر وارننگ بورڈز نصب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بچوں کو گہرے پانی، ندی، جھیل یا سمندر کے قریب جانے سے روکنے کے لیے والدین کو خبردار کیا گیا ہے۔ عوام کو بجلی کے تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے کی تنبیہ دی گئی ہے۔ اگر کوئی خطرناک تار یا کھمبہ دکھائی دے تو فوری طور پر کنٹرول روم کو اطلاع دینے کو کہا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹ افسران اور KSRTC سے تال میل رکھتے ہوئے ضرورت پڑنے پر بسوں کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ ہنگامی صورت میں عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔ جبکہ ضلعی اور تعلقہ سطح کے تمام افسران کو مرکزی دفاتر میں موجود رہنے اور آفات سے نمٹنے کے تمام اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ہنگامی رابطے کے لیے اہم نمبرز بھی جاری کئے گئے ہیں، جس کی تفصیلات اس طرح ہیں:
ضلعی کنٹرول روم (24/7 ٹول فری): 1077 / 0824-2442590
منگلورو سٹی کارپوریشن: 0824-2220306 / 2220319
منگلورو تعلقہ: 0824-2220587
اُلّال: 0824-2204424
بَنٹوال: 7337669102
پُتور تعلقہ: 08251-230349
بیلتنگڈی تعلقہ: 08256-232047
سُو لیا تعلقہ: 08257-231231
موڈبیدری تعلقہ: 08258-238100
کڈبا تعلقہ: 08251-260435
ملکی تعلقہ: 0824-2294496
ضلع انچارج وزیر دنیش گنڈو راو نے افسران کو دی ضروری ہدایات:

دکشن کنڑا ضلع میں جاری موسلادھار بارش اور اس کے اثرات کے پیش نظر ضلع انچارج وزیر دنیش گنڈو راؤ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر ایکشن لیں اور عوام کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہونے دیں۔
پیر کو وزیر موصوف نے بینگلورو سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ضلع ڈپٹی کمشنر اور دیگر اعلیٰ افسران کے ساتھ مانسون کی صورتِ حال پر جائزہ میٹنگ کی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تعلقہ سطح پر موجود رہ کر پوری سرگرمی سے کام کریں۔
2025 کے مانسون / قبل از مانسون بارش کے پیش نظر ضلع کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ تمام محکمہ جات کے افسران کو سیلاب یا زمین کھسکنے جیسے قدرتی آفات کی صورت میں فوری ایکشن لینے کے لیے تیار رہنا چاہیے، اور پوری ذمہ داری کے ساتھ چوکسی اختیار کرنی چاہیے تاکہ کوئی غلطی نہ ہو۔
انہوں نے اسکول دوبارہ کھلنے کے وقت اُن علاقوں میں متبادل انتظامات کی تفصیلات طلب کیں جہاں طلبہ کو ندی یا نالہ پار کرکے آنا پڑتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ضلع و تعلقہ سطح پر دستیاب فنڈز کی تفصیلات بھی حاصل کیں۔ دنیش گنڈو راؤ نے ہدایت دی کہ سوشل میڈیا کے ذریعے احتیاطی تدابیر عوام تک پہنچائی جائیں۔
انہوں نے منگلورو شہر میں اُن مقامات پر فوری احتیاطی اقدامات کی ہدایت دی جہاں گھروں میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ہے۔ تیز ہوا سے درخت گرنے کی صورت میں فوری کارروائی کرنے اور راستے صاف کرنے کی ہدایت بھی دی۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ کچھ رہائشی علاقوں کے قریب زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے ہیں، لہٰذا ایسے خطرناک علاقوں میں رہنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ غیرمحفوظ آنگن واڑی یا اسکول عمارتوں کے سلسلے میں بھی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ہائی وے تعمیراتی علاقوں میں بارش کا پانی رہائشی علاقوں کی طرف بہہ رہا ہے، اسے فوراً درست کیا جائے۔ پمپ ویل جنکشن جیسے مقامات پر پانی کی نکاسی نہ ہونے سے ٹریفک متاثر ہو رہا ہے، اس کا فوری حل نکالا جائے۔
تیز ہوا سے بجلی کے کھمبے گرنے کی شکایات پر وزیر نے کہا کہ بجلی کے تاروں میں کرنٹ سے کسی کو نقصان نہ پہنچے، اس پر خاص توجہ دی جائے۔ ندی کے کنارے رہنے والے افراد کو اگر خطرہ ہو تو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور ضرورت پڑنے پر ریلیف سینٹر قائم کیے جائیں۔
انہوں نے لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ بغیر حفاظتی اقدامات کے ندی، جھیل یا پتھریلی کانوں میں نہ جائیں۔
شہر کی حدود میں درخت گرنے، دیواریں منہدم ہونے، دکانوں میں پانی داخل ہونے، سڑکوں کو نقصان پہنچنے اور دیگر مقامات پر بھی فوری کارروائی کی ہدایت دی گئی۔ پچھلے سال وامنجور کے قریب کھٹی کلو علاقے میں زمین کھسکنے کا واقعہ پیش آیا تھا، اس سال پہلے سے زیادہ احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی۔
اجلاس میں ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر کے آنند، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جی سنتوش، منگلورو میونسپل کمشنر روی چندر نائک، مختلف محکموں کے افسران، تحصیلدار اور BEOs موجود تھے۔