
کاروار، 23 مئی (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا میں موسم برسات کی آمد کے پیش نظ ڈپٹی کمشنر محترمہ کے لکشمی پریا حکم جاری کیا ہے کہ ضلع سے گذرنے والے نیشنل ہائی وے اور اسٹیٹ ہائی پر موجود تمام پُلوں کی پائیداری کی مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔
جمعہ کو کاروار ڈی سی دفتر کے کانفرنس ہال میں منعقدہ روڈ سیفٹی کمیٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ چونکہ اس بار وقت سے پہلے مانسون کی بارش شروع ہوچکی ہے اورماہ جولائی میں شدید بارش کے امکانات ہیں، اس لیے تمام متعلقہ محکمے احتیاطی اقدامات بروقت مکمل کریں۔
ڈی سی نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ پُلوں کی موجودہ صورتحال کی تفصیلی جانچ کرکے رپورٹ پیش کریں، تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثہ سے بچا جا سکے۔ انہوں نے سخت الفاظ میں واضح کیا کہ اگر کسی قسم کا حادثہ پیش آیا تو متعلقہ افسران کو ہی اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ شاہراہوں کے اردگرد واقع پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ (پہاڑی کھسکنے) کا خطرہ ہے۔ ایسے حساس مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے وہاں وارننگ بورڈ نصب کرنے، 'اسپاٹرز' تعینات کرنے اور ضرورت پڑنے پر ٹریفک کا رخ بدلنے جیسے اقدامات کی ہدایت دی گئی۔
ڈی سی نے کہا کہ شاہراہوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے پولیس کی جانب سے تجویز کردہ اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے،جن میں رفتار کم کرنے والے اسپیڈ بریکرز، وارننگ سائن بورڈز، ریفلیکٹرز، اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب شامل ہیں۔ ساتھ ہی حادثات کی صورت میں فوری امداد کے لیے کرین، ایمبولینس اور تربیت یافتہ عملہ تیار رکھا جائے۔
انہوں نے ریجنل ٹرانسپورٹ افسران (آر ٹی او) کو ہدایت دی کہ وہ مسلسل گاڑیوں کی جانچ کریں، خاص طور پر سامان بردار گاڑیوں میں مسافروں کو بٹھانے یا مقررہ وزن سے زیادہ مال لے جانے کی صورت میں سخت کارروائی کریں۔
ڈی سی نے یہ بھی کہا کہ انکولہ کے شیرور میں جاری لینڈ سلائیڈنگ والے مقام پر تحفظاتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے،برگے میں بیریکیڈز نصب کیے جائیں تاکہ حادثات نہ ہونے پائیں۔ کمٹہ-سیرسی روڈ پر ہائی ماسٹ لائٹس لگائی جائیں، کاروار میں پرانے اوور برج کے نیچے اسٹریٹ لائٹس لگائی جائیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ پچھلے دو سالوں کے دوران پیش آنے والے حادثات کی تفصیلات کا جائزہ لیا جائے، ان کے اسباب کا مطالعہ کیا جائے، اور ان علاقوں میں حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
آخر میں رام نگر-ان موڈ روڈ سمیت باقی ماندہ شاہراہوں کے تعمیراتی کاموں، اور حادثات کے لیے خطرناک بنے بلیک اسپاٹس کی نشاندہی و حل کے سلسلے میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اجلاس میں ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) ایم نارائن، اسسٹنٹ کمشنر کنیشکا، محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے ایگزیکٹو انجینئر چندرشیکھر، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران اور دیگر محکموں کے نمائندے موجود تھے۔