ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سمندری طوفان ’اکوان‘ کے پیش نظر آئی ایم ڈی کا الرٹ، ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت

سمندری طوفان ’اکوان‘ کے پیش نظر آئی ایم ڈی کا الرٹ، ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت

Mon, 16 Nov 2026 18:33:45    S O News

نئی دہلی، 16/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)خلیج بنگال میں ایک بار پھر سمندری طوفان آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ خلیج بنگال کے اوپر ہوا کے کم دباؤ والا علاقہ تیزی سے طاقتور ہو رہا ہے۔ موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیر کی صبح بتایا کہ خلیج بنگال کے اوپر بنا گہرا دباؤ 16 نومبر کی شام تک سمندری طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ اس کے بعد 17 نومبر تک یہ مزید شدت اختیار کر کے ایک ’شدید سمندری طوفان‘ کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران خلیج بنگال میں بننے والا یہ تیسرا گردابی طوفان ہوگا۔ اس سے قبل ’ارنب‘ اور ’مراسو‘ نامی طوفان اپنا قہر برپا کر چکے ہیں، جس سے آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے کئی علاقے متاثر ہوئے تھے۔ اب نئے طوفان کو پیش نظر رکھتے ہوئے مشرقی ساحلی ریاستوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس طوفان کو ’اکوان‘ نام دیا گیا ہے۔

امکان ہے کہ موسمی نظام جنوبی وسطی حصوں اور اس سے متصل مغربی وسطی خلیج بنگال کے اوپر مزید مضبوط ہوگا اور شمال سے شمال مغرب کی جانب بڑھے گا۔ آئی ایم ڈی کے مطابق 17 نومبر کی شام تک اس کے مغربی وسطی خلیج بنگال کے اوپر ایک شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ اس کے بعد اگلے 2 دنوں کے دوران اس کی شدت میں مزید اضافہ ہونے اور شمال مغرب کی جانب آندھرا پردیش کے ساحل کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔

اس گردابی طوفان کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے آندھرا پردیش اور اس سے متصل جنوبی اڈیشہ کے ساحلی علاقوں کے لیے یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ آنے والے دنوں میں ان علاقوں میں تیز ہواؤں، شدید بارش اور سمندر میں طغیانی کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ اس الرٹ کے ذریعہ ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔ ایسے میں ساحلی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو مقامی انتظامیہ اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہونے والی تازہ اطلاعات پر توجہ دینی چاہیے۔ شدید بارش کے نتیجے میں سیلاب، پانی جمع ہونے اور زمین کھسکنے جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ کھیتوں میں کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

اس سے قبل آئی ایم ڈی نے اتوار کو بھی پیش گوئی کی تھی کہ اس موسمی نظام کے اثر سے 19 اور 20 نومبر کے دوران ساحلی آندھرا پردیش اور یانم کے بعض علاقوں میں شدید سے بہت شدید بارش ہو سکتی ہے، جبکہ کچھ مقامات پر انتہائی شدید بارش کا بھی امکان ہے۔ اس کے علاوہ 18 سے 19 نومبر کے درمیان تمل ناڈو اور 19 سے 21 نومبر کے دوران اڈیشہ کے بعض علاقوں میں بھی شدید سے بہت شدید بارش ہو سکتی ہے۔

اس درمیان پہاڑوں کی بلند چوٹیاں برف کی سفید چادر سے ڈھک گئی ہیں۔ اتراکھنڈ میں بدری ناتھ، ہیم کنڈ صاحب اور پنچ چولی سمیت بالائی علاقوں میں اتوار کو برف باری ہوئی۔ اس کے علاوہ ہماچل پردیش کے لاہول اسپیتی، روہتانگ اور کلو کے جلوری علاقے نیز کشمیر کے سونمرگ اور زوجیلا میں بھی برف گری ہے۔ موسم میں تبدیلی کے باعث پہاڑی علاقوں سے لے کر میدانی علاقوں تک سردی بڑھ گئی ہے۔ دہلی اور این سی آر میں بھی سردی کے اثرات محسوس کیے جا رہے ہیں۔


Share: