ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پٹنہ میں روزگار میلہ، نوجوانوں کے لیے نئی امید کی شروعات — کنہیا کمار

پٹنہ میں روزگار میلہ، نوجوانوں کے لیے نئی امید کی شروعات — کنہیا کمار

Sat, 19 Jul 2025 17:07:28    S O News

پٹنہ، 19/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی)بہار میں اسمبلی انتخابات سے پہلے کانگریس نے نوجوانوں کو روزگار دینے کے وعدے کو لے کر عملی قدم اٹھاتے ہوئے ہفتہ کو پٹنہ کے گیان بھون میں ایک روزگار میلے کا انعقاد کیا۔ اس میلے کا مقصد ریاست کے بے روزگار نوجوانوں کو نوکری کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ کانگریس لیڈر کنہیا کمار نے اس موقع پر کہا کہ ان کی پارٹی ہمیشہ سے روزگار کے مسئلے پر آواز اٹھاتی آئی ہے اور اب عملی طور پر بھی نوجوانوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔

کنہیا کمار نے کہا، ’’ہماری کوشش ہے کہ اس روزگار میلے کے ذریعے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو نوکری دلائی جائے۔ یہ میلہ صرف انتخابی وعدہ نہیں بلکہ نوجوانوں کے مستقبل سے جڑا سنجیدہ قدم ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ کئی کمپنیاں اس میلے میں شرکت کر رہی ہیں اور امیدواروں کا انٹرویو لے کر وہیں نوکریاں فراہم کی جا رہی ہیں۔ کنہیا نے بتایا کہ کانگریس اس سے پہلے دہلی میں بھی پارٹی رہنما راہل گاندھی کے یومِ پیدائش کے موقع پر روزگار میلہ منعقد کر چکی ہے۔

کنہیا کمار نے الزام لگایا کہ موجودہ حکومت نے جو وعدے نوجوانوں سے کیے تھے وہ پورے نہیں ہوئے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اس پرانے وعدے کا حوالہ دیا جس میں ہر سال دو کروڑ نوکریاں دینے کی بات کی گئی تھی۔ کنہیا نے کہا، ’’اگر واقعی ہر سال دو کروڑ نوکریاں دی جاتیں، تو گیارہ سال میں 22 کروڑ لوگوں کو روزگار مل چکا ہوتا۔ صرف بہار کی بات کریں، تو یہاں کی آبادی کے حساب سے کم از کم دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار ملنا چاہیے تھا لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔‘‘

انہوں نے سوال کیا کہ اگر ایک اپوزیشن پارٹی نوکریاں دینے کا بندوبست کر سکتی ہے، تو حکومت میں ہونے کے باوجود برسراقتدار جماعتیں ایسا کیوں نہیں کر رہیں؟

کنہیا کمار نے کہا کہ راہل گاندھی کی ’پلاین روکو، نوکری دو‘ یاترا میں بھی صاف طور پر نوجوانوں کے روزگار کا مسئلہ مرکز میں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی نوجوانوں کو روزگار دینے کی سنجیدہ کوشش کر رہی ہے، جبکہ حکومت صرف وعدے کر کے رہ جاتی ہے۔


Share: