
منگلورو، 15 / مئی (ایس او نیوز) شہر کے داخلی دروازے کی حیثیت رکھنے والے پڈیل علاقے دکشن کنڑا ڈپٹی کمشنر کے نو تعمیر شدہ دفتر "پرجا سودھا" کا افتتاح کل 16 مئی کو وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے ہاتھوں میں عمل آئے گا ۔
نئے ڈی آفس "پرجا سودھا" کو جدید ترین انداز میں تولوناڈو کی ثقافتی جھلک کے ساتھ بہت ہی خوبصورت انداز میں تعمیر کیا گیا ہے ۔ اس عمارت کا سنگ بنیاد آٹھ سال قبل بطور چیف منسٹر سدا رامیا نے رکھا تھا ۔ تقریباً 2.53 لاکھ اسکوئر فٹ پر مشتمل تین منزلہ عمارت کے اس منصوبے کی تمیر پر 75 کروڑ روپوں کی لاگت آئی ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ یہ پورے ملک میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر والا سب سے بڑا اور وسیع و عریض کامپلیکس ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ بہترین منصوبہ بندی اور عوام کے لئے ضروری سہولتوں کے ساتھ تعمیر کیے گئے اس کامپلیکس میں ڈپٹی کمشنر کےعلاوہ فوڈ، سول سپلائز اینڈ کنزیومر افیئرز، بھومی سیل، مائنس اینڈ جیولوجی، ایڈمنسٹریشن، ڈیسیاسٹر منیجمنٹ، ریوینیو، نیشنل انفارمیشن سنیٹر، چائلڈ پروٹیکشن جیسے جملہ 23 محکمہ جات کے دفاتر کام کریں گے ۔