بھٹکل 9 / جون (ایس او نیوز) تعلقہ کے الوے کوڈی بندرگاہ کے پاس ایک لاوارث کار پائی جانے کے بعد پتہ چلا ہے کہ کار مالک نوین کمار گونڈکر (34) لاپتہ ہوگیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ بندرگاہ کے علاقے میں لاوارث کار بازیافت ہونے پر مقامی افراد نے کار کے مالک کا رہائشی پتہ معلوم کرنے کے بعد نوین کے گھر والوں کو فون کے ذریعے اس بات کی خبر دی ۔ جس کے بعد نوین کمار کے بھائی سورج کمار نے بھٹکل پہنچ کر یہاں کے دیہی پولیس اسٹیشن میں گم شدگی کی رپورٹ درج کروائی ۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ نوین کمار گونڈکر ضلع ہاویری کے رانے بینور کا رہنے والا ہے ۔ وہ 30 مئی سے گھر واپس نہیں لوٹا ہے ۔ 2 جون کو اس نے گھر والوں کو فون پر بتایا تھا کہ وہ کل واپس لوٹے گا ، مگر تا حال وہ واپس نہیں لوٹا ہے ۔ سورج کمار نے بھٹکل میں پائی گئی کار کی شناخت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ لاوارث کار نوین کمار کی ہے ۔
شکایت پر کاروائی کرتے ہوئے پولس نے تفتیش اور تلاش شروع کر دی ہے ۔