بھٹکل، 5 مارچ (ایس او نیوز): ضلع اُترکنڑا کے سرسی–یلاپور روڈ پر سرکاری بس اور کار کے درمیان پیش آئے ایک حادثے میں کار ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ بس میں سوار بعض مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں۔ حادثہ جمعرات کو یلاپور تعلقہ کے بیڈتی کے قریب مللگاؤں کے مقام پر پیش آیا۔
مہلوک کی شناخت مکیش شٹی (40) کے طور پر کی گئی ہے جو کنداپور کا رہنے والا بتایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ کار کے ذریعے یلاپور سے سرسی کی جانب جا رہا تھا کہ اسی دوران سداپور سے بیلگاوی جانے والی سرکاری بس کے ساتھ اس کی کار کی ٹکر ہوگئی۔
حادثے میں زخمی ہونے والے بس مسافروں کو یلاپور سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
اس سلسلے میں یلاپور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس حادثے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔