بھٹکل 11 دسمبر (ایس او نیوز): اسلامیہ اینگلو اُردو ہائی اسکول بھٹکل کا سب سے باوقار تعلیمی ایوارڈ اِمسال ساحل ملک ابن سرتاج ملک نے حاصل کیا، جبکہ محمد نعیم ابن ناصر بنگالی اور محمد نبان ابن عبدالمجید سرلیشور رنرز اپ کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس بات کا اعلان اسکول کے سالانہ جلسہ کے موقع پر 11 دسمبر کو اسکول کے عثمان حسن ہال میں کیا گیا۔
اسلامیہ اینگلو اُردو ہائی اسکول کی 85ویں سالانہ گیدرنگ کا آغاز اسکول کے طالب علم عبدالقادر کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ ایک اور طالب علم مبارک جعفر نمازی نے نعتِ شریف پیش کی۔ انجمن ہائی اسکول بورڈ کے سکریٹری سعد اللہ رکن الدین نے استقبال کیا، اور اسکول کے استاد ڈاکٹر عبدالحفیظ نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔ عاطف قاضی اور رفقاء نے اسکول سونگ پیش کیا۔ ہیڈ ماسٹر نور محمد نے سالانہ رپورٹ پیش کی، جس میں تعلیمی سال کے دوران ادارے کی کارکردگی، کامیابیاں اور پیش رفت کا جامع جائزہ دیا گیا۔

سالانہ گیدرنگ کے موقع پر مختلف ادبی مقابلوں، کھیل کود اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامات و اعزازات سے نوازا گیا۔
پروگرام کی صدارت انجمن حامیٔ مسلمین بھٹکل کے صدر یونس قاضیا نے کی۔ اسکول کے استاد ڈاکٹر عبدالحفیظ نے نظامت کی، جبکہ ایک اور استاد عارف الزماں کے شکریہ کلمات پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر انجمن کے نائب صدر محمد صادق پِلور، اور دیگر اراکین یاسین عسکری وغیرہ موجود تھے۔
Click here for report in English
