ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: پرجا سیوا پروگرام میں 85 سے زائد عوامی شکایات موصول؛ 15 دن میں حل کرنے کی ہدایت

بھٹکل: پرجا سیوا پروگرام میں 85 سے زائد عوامی شکایات موصول؛ 15 دن میں حل کرنے کی ہدایت

Sat, 14 Nov 2026 20:25:49    S O News
بھٹکل: پرجا سیوا پروگرام میں 85 سے زائد عوامی شکایات موصول؛ 15 دن میں حل کرنے کی ہدایت

بھٹکل، 14 نومبر (ایس او نیوز): بھٹکل تعلقہ کے بیلکے ہوبلی میں ہفتہ کو منعقدہ پرجا سیوا آندولن پروگرام میں عوام کی جانب سے 85 سے زائد شکایات اور درخواستیں پیش کی گئیں، جنہیں 15 دن کے اندر نمٹانے کی متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی۔

پروگرام میں عوامی شکایات وصول کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کرناٹک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اور بھٹکل۔ ہوناور کے رکن اسمبلی منکال ایس ویدیا نے کہا کہ پروگرام کے دوران موصول ہونے والی تمام درخواستوں کا متعلقہ محکموں کے افسران جائزہ لیں گے اور قانون کے مطابق ان پر کارروائی کرتے ہوئے ہر درخواست کا جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے سرکاری دفاتر کے بار بار چکر لگانے سے بچانے کے مقصد سے ریاستی حکومت کی جانب سے تعلقہ اور ہوبلی سطح پر یہ پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پرجا سیوا آندولنا محض ایک رسمی پروگرام نہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے جاری رہنے والا ایک انتظامی اقدام ہے۔

ویدیا نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی درخواستوں کو نظرانداز نہ کریں اور ہر معاملے میں ذمہ داری کے ساتھ کارروائی کریں۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے خشک سالی سے نمٹنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے ہیں۔ پینے کے پانی کی فراہمی اور انتظام کے لیے پہلے ہی ہر تعلقہ کو ایک کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ مویشیوں کے لیے چارے کی قلت سے بچنے کے لیے چارہ کٹس کی تقسیم سمیت دیگر اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔

پروگرام میں پینے کے پانی، سڑکوں، پاؤتی کھاتہ (وراثتی زمین کے ریکارڈ)، رہائشی پلاٹوں، جنگلاتی زمین، مکانات اور رہائشی سہولتوں، موگیرہ برادری کو درج فہرست ذات (ایس سی) میں شامل کرنے اور ذات کی توثیق کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے سمیت مختلف مسائل پر درخواستیں پیش کی گئیں۔

یہ پروگرام تعلقہ انتظامیہ، تعلقہ پنچایت، بھٹکل سٹی میونسپل کونسل اور جالی ٹاؤن پنچایت کے اشتراک سے بیلکے ہوبلی کے بومن کیری مندر کے ہال میں منعقد کیا گیا تھا۔

اس موقع پر اُترکنڑا کے ڈپٹی کمشنر ہرشل بوئیر، ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر دلیش ششی، ڈی سی ایف یوگیش، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپن ایم این، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا، بھٹکل  اسسٹنٹ کمشنر جے مہیش، تعلقہ پنچایت کے ایگزیکٹیو آفیسر سنیل، بھٹکل تحصیلدار اوشا ایس پاوسکر سمیت مختلف محکموں کے افسران اور عوامی نمائندے موجود تھے۔

Click here for report in English


Share: