بھٹکل، 31 مئی (ایس او نیوز) : بھٹکل تعلقہ کے بیلورو گاؤں میں ملٹی اسپیشالٹی اسپتال کی تعمیر کے لیے جنگلاتی زمین الاٹ کرنے کی تجویز کو گرام سبھا نے منظوری دے دی، حالانکہ اس موقع پر کچھ مقامی افراد نے مخالفت بھی کی۔
یہ اسپتال ضلعی انچارج وزیر منکال ویدیا کی سربراہی میں چلنے والے "بینا ویدیا ایجوکیشن ٹرسٹ" کی جانب سے تعمیر کیا جا رہا ہے، جس کے لیے سروے نمبر 600 میں واقع جنگلاتی زمین کے 30 ایکڑ رقبے کو لیس پر دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قبل ازیں اسی ادارہ نے تعلیمی سرگرمیوں کے لیے 40 ایکڑ زمین کے لیے بھی درخواست دی تھی۔
گرام سبھا میں شریک مقامی تاجر ماستپا نائک نے اس اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وزیر کو صرف زمین سے دلچسپی ہے، عوامی مفاد سے نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری زمین پر کسی نجی ادارے کو اسپتال بنانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

اس اعتراض پر ردعمل دیتے ہوئے پنچایت صدر کرشنا نائک اور پنچایت ڈیولپمنٹ آفیسر ناگراج نے وضاحت دی کہ مذکورہ اجلاس صرف زمین کے حقِ دعویٰ (Forest Rights - ROFR) اور متعلقہ شکایات کی سماعت کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 315 ایکڑ جنگلاتی زمین میں سے جن 30 ایکڑ پر اسپتال کی تجویز ہے، اس پر کسی بھی شخص کا کوئی دعویٰ یا اعتراض موصول نہیں ہوا ہے، لہٰذا گرام سبھا اس زمین پر اسپتال کی تعمیر کے لیے منظوری دیتی ہے۔
اس موقع پر اے سی ایف گِریش نے لیز پر جنگلاتی زمین حاصل کرنے کے قانونی پہلوؤں کی وضاحت کی، جبکہ بعض پنچایت ممبران اور مقامی لیڈران نے اسپتال سے ممکنہ فوائد، جیسے مقامی روزگار کے مواقع اور بہتر طبی سہولیات پر روشنی ڈالنے کا مطالبہ کیا۔
اجلاس کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے، کیونکہ سیاسی جماعتوں کے متعدد قائدین و کارکنان بڑی تعداد میں بیلورو پہنچے تھے۔ مرڈیشور پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر ہنومنت بیرادار بھی موقع پر موجود تھے۔
