بھٹکل، 10/ جون (ایس او نیوز) تعلقہ کے ہاڈولّی گرام میں 24 مارچ 2023 کو جائیداد کے تنازع میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کے قتل کی جو واردات پیش آئی تھی، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ایم نارائین نے اس سے متاثرہ خاندان کے گھر جا کر ملاقات کی اور تعزیتی کلمات کہنے کے علاوہ اس واردات میں اپنے والدین کو کھونے والے دو بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری سنبھالنے کا تیقن دیا ۔
خیال رہے کہ 6 مئی 2025 ضلع سیشنس کورٹ نے اس واردات کے ملزمین پر جرم کا ارتکاب ثابت ہونے کے بعد عدالت سے ایک ملزم کو عمر قید اور دو لاکھ روپے جرمانہ اور دوسرے ملزم کو سزائے موت سنائی گئی ہے ۔
اس موقع پر اس واردات میں ملوث ملزمین کو کیفر کردار تک پہنچانے اور انہیں عدالت سے سزا دلوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے ونائیک پاٹل، انسپکٹر چندن گوپال کرشنا، پولیس اہلکار دیپک اور رامچندرا کو ضلع ایس پی کی طرف سے ستائشی سند اور نقد انعام سے نوازا گیا ۔
ضلع ایس پی ایم نارائین نے متاثرہ خاندان سے مل کر ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور یتیم لڑکے اور لڑکی کی ہمت بندھائی اور ان کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کے لئے ذمہ داری سنبھالنے کا تیقن دیا تو چھوٹے سے بچے نے کہا کہ میں بھی خوب تعلیم حاصل کرکے ضلع ایس پی نارائین کی طرح ایک فرض شناس پولیس آفیسر بننا چاہتا ہوں ۔
اس موقع پر اے ایس پی کرشنا مورتی اور ڈی وائی ایس پی مہیش کے موجود تھے ۔
