بھٹکل، یکم جون (ایس او نیوز) ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا پر بدعنوانی، رشوت خوری، بے نامی جائیداد، جنگلاتی زمین پر ناجائز قبضہ جیسے الزام لگاتے ہوئے سوشیل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام نشر کرنے والے بئیلور کے ساکن اور تاجر مساستپّا نائک کے خلاف مرڈیشور پولیس نے ازخود معاملہ درج کیا ہے ۔
پولیس نے جو شکایت درج کی ہے اس کے مطابق ماستپّا نائک نے وزیر منکال وئیدیا کے تعلق سے منفی پروپگنڈے والا تقریباً 2 منٹ 37 سیکنڈ پر مبنی ایک ویڈیو میسیج سوشیل میڈیا پر عام کیا تھا جس کے ذریعے عوام میں جھوٹی باتیں پھیلاتے ہوئے وزیر موصوف کو پریشانی میں مبتلا کرنے کے علاوہ سرکاری افسران کی طرف سے 30 مئی کو بئیلور میں منعقد کی گئی گرام سبھا کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور لوگوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کی ہے ۔ جھوٹی اور بے بنیاد باتوں پر مبنی اس ویڈیو پیغام کے ذریعے عوام کے دلوں میں افسران کے تعلق سے دشمنی کے جذبات پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔
مرڈیشور پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر ہنومنتا برادر اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں ۔