ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو میں نیٹ بے ضابطگیوں پر یوتھ کانگریس کا احتجاج، وزیرِ تعلیم سے استعفے کا مطالبہ

بنگلورو میں نیٹ بے ضابطگیوں پر یوتھ کانگریس کا احتجاج، وزیرِ تعلیم سے استعفے کا مطالبہ

Sun, 28 Jun 2026 12:30:53    S O News
بنگلورو میں نیٹ بے ضابطگیوں پر یوتھ کانگریس کا احتجاج، وزیرِ تعلیم سے استعفے کا مطالبہ

بنگلورو، 28/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)کرناٹک پردیش یوتھ کانگریس کمیٹی (KPYC) نے نیٹ امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف بنگلورو کے فریڈم پارک میں مشعل بردار ریلی نکال کر مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج درج کرایا اور مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔

ریاستی صدر ایچ۔ ایس۔ منجوناتھ کی قیادت میں منعقدہ احتجاج میں سینکڑوں طلبہ اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں مشعلیں اٹھا کر مبینہ امتحانی بے ضابطگیوں اور طلبہ کے مسائل کے تئیں مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے۔ احتجاج کے دوران "طلبہ کا مستقبل بچاؤ"، "شفاف تعلیمی نظام نافذ کرو"، "نیٹ بے ضابطگیوں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرو" اور "تعلیمی نظام کی اصلاح کرو" جیسے نعرے گونجتے رہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایچ۔ ایس۔ منجوناتھ نے کہا کہ شفاف، دیانت دار اور قابلِ اعتماد امتحانی نظام فراہم کرنا مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے، لیکن حکومت اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مبینہ بے ضابطگیوں سے لاکھوں طلبہ کے مستقبل پر منفی اثر پڑا ہے اور اس کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مرکزی وزیرِ تعلیم کو استعفیٰ دینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کے مستقبل سے بڑھ کر کوئی سیاسی مفاد نہیں ہو سکتا، اور یوتھ کانگریس اس معاملے میں انصاف کے حصول اور طلبہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

احتجاج میں یوتھ کانگریس کے قومی سکریٹری طارق بھگوان، ریاستی قانونی سیل کے صدر شری دھر، بنگلورو شمالی ضلع صدر راہل گوڑا، جنوبی ضلع صدر مونیش ریڈی، مشرقی ضلع صدر رام نائک سمیت متعدد عہدیداران اور کارکنان شریک تھے۔

یوتھ کانگریس نے اعلان کیا کہ "چھاترون کی گونج" کے عنوان سے نیٹ مخالف مہم کے تحت ہر ہفتے مختلف بیداری پروگرام، عوامی مکالمے، موسیقی کی تقریبات، ترغیبی خطابات اور واکاتھون کا انعقاد کیا جائے گا۔ تنظیم نے مہم کے دوران ریاست بھر کے کالجوں اور جامعات میں ڈیڑھ لاکھ طلبہ کی رجسٹریشن کا ہدف بھی مقرر کیا ہے۔


Share: