بینگلورو 9/ جولائی (ایس او نیوز) ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر وی انبوکمار نے انتباہ دیا ہے کہ ایس آئی آر سے متعلقہ ووٹر شماری کا جو اینومریشن فارم بی ایل او کے ذریعے ووٹروں کو فراہم کیا گیا ہے اسے پُر کرنے کے بعد اس پر دستخط کرکے واپس جمع نہ کرنے والوں کا نام ووٹر فہرست میں شامل نہیں ہوگا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انبوکمار نے بتایا کہ مرکزی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ایس آئی آر کے ذریعے ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کا جو کام چل رہا ہے اس میں 5.54 کروڑ ووٹروں کا احاطہ کیا جائے گا ۔ اس مہم کے تحت فی الوقت ووٹر شماری کا جو کام ہو رہا ہے وہ 29 جولائی تک چلے گا جس کے دوران ووٹروں کو ضروری تفصیلات پُر کرکے یہ فارم مقررہ میعاد میں لوٹانا ہوگا، بصورت دیگر اس کے بعد جو ڈرافٹ ووٹر لسٹ شائع ہوگی اس میں ان کا نام شامل نہیں رہے گا۔
بوتھ ایجنٹ بھی فارم وصول کر سکتے ہیں: سی ای او نے واضح کیا کہ بی ایل او کے ذریعے گھر گھر جا کر تقسیم کیے گئے فارم پُر ہونے کے بعد سیاسی پارٹیوں کے بوتھ ایجنٹس [بی ایل اے] بھی یہ فارم واپس وصول کرکے بوتھ لیول آفیسر [بی ایل او] تک پہنچا سکتے ہیں۔ قانوناً ہر بی ایل اے کو پچاس ووٹروں کے فارم تک وصول کرکے بی ایل او تک پہنچانے کی گنجائش موجود ہے۔
2002 کی فہرست میں نام نہ بھی ہو تو فارم بھریں: چیف الیکٹورل آفیسر نے یہ بھی کہا کہ 2002 کی فہرست میں اگر کسی کا نام موجود نہیں بھی ہے یا تفصیل حاصل کرنا ممکن نہیں ہے، تب بھی فکر کی بات نہیں ہے ۔ جو فارم دیا گیا ہے اس میں پوچھی گئی معلومات کے مطابق تفصیلات درج کریں اور اپنے دستخط کے ساتھ بی ایل او کے حوالے کریں ۔ ایسے ووٹروں کا نام ڈرافٹ میں شامل ہو جائے گا۔ معائنے کے دوران اگر معلومات کی ضرورت ہوگی تو متعلقہ افسران نوٹس دیں گے، اس موقع پر الیکشن کمیشن نے جن 11 دستاویزات کو ثبوت قرار دیا ہے ان میں سے کوئی ایک دستاویزی ثبوت پیش کرنا ہوگا۔
بی ایل او کو فارم لوٹانے کے بعد بھی تصحیح ہو سکتی ہے: سی ای او نے بتایا کہ فارم پُر کرکے بی ایل او کو لوٹانے کے بعد بھی اگر کسی قسم کی ترمیم / تصحیح کرنے کی ضرورت ہو تو جولائی 29 تک اسے انجام دیا جا سکتا ہے ۔ بی ایل او کو ترمیم /تصحیح کرنے کا اختیار ہوتا ہے ۔ ووٹر کی اجازت کے بغیر بی ایل او کو تصحیح کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ حتمی ووٹر فہرست شائع ہونے کے بعد بھی ووٹروں کو فارم نمبر 8 کے ذریعے ترمیم کرنے کا موقع رہتا ہے۔
لوگوں کو جمع کرکے فارم کی تقسیم کرنے پر افسران کونوٹس: چیف الیکٹورل آفیسر انبوکمار نے بتایا کہ ریاست میں بعض مقامات پر لوگوں کو ایک جگہ جمع کرکے ایس آئی آر کے اینومریشن فارم تقسیم کرنے کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔ جہاں پر بھی ایسی کارروائی ہونے کی شکایت موصول ہوئی ہے وہاں پر متعلقہ افسران کے ذریعے اس کی تفتیش کرکے رپورٹ حاصل کی گئی ہے ۔ اس ضمن میں ریاست کے 35 بوتھ لیول افسران [بی ایل او] کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ ان کی طرف سے جواب ملنے کے بعد اگلی کارروائی کی جائے گی۔