ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بیلتنگڈی : اپنے بھائی کو ٹھیکے دلوانے کا الزام ہوا ثابت - گرام پنچایت رکن کو نااہل قرار دیا گیا

بیلتنگڈی : اپنے بھائی کو ٹھیکے دلوانے کا الزام ہوا ثابت - گرام پنچایت رکن کو نااہل قرار دیا گیا

Sat, 24 Jan 2026 10:57:55    S O News
denzil_230126_jagga


بیلتنگڈی ،24 / جنوری (ایس او نیوز) اندنجے گرام پنچایت کے رکن جگدیش ہیگڑے پر ضابطے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے بھائی کو گرام پنچایت کے کاموں کے ٹھیکے دلوانے کے الزامات ثابت ہونے کے بعد اسے پنچایت کی رکنیت سے نااہل قرار دے دیا گیا ہے اور اگلے چھ سال تک کسی بھی پنچایتی انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے ۔

پنچایت کی رکنیت اور آئندہ مقررہ مدت تک انتخابات میں حصہ لینے کے لئے نااہل قرار دینے کا یہ حکم دیہی ترقی اور پنچایت راج محکمہ (گرام پنچایت) کی مجاز اتھارٹی کی طرف سے جاری کیا گیا ہے ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ اندنجے گرام پنچایت کے بی جے پی کے حمایت یافتہ رکن جگدیش ہیگڑے نے اپنے بھائی امریش ہیگڈے کو اپنے دور میں گرام پنچایت کے کاموں کو حاصل کرنے اور انجام دینے کی سہولت فراہم کی تھی۔

جگدیش کے خلاف ایک انکوائری سے پتہ چلا کہ امریش ہیگڈے کے ذریعہ کئے گئے کاموں کو پنچایت کی پیمائش کی کتابوں میں صحیح طریقے سے درج کیا گیا تھا اور جگدیش ہیگڑے نے ان کاموں سے متعلق بلس بنانے کی کارروائی میں مدد کی تھی ۔ اتھارٹی نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ جگدیش ہیگڈے نے اپنے بھائی کو پنچایت کے ٹھیکے حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہوئے اپنے فرائض کی ادائیگی میں غفلت کا ارتکاب کیا اور اصولوں کی خلاف ورزی کی، اور اس طرح اپنے سرکاری عہدے کا غلط استعمال کیا ۔

تحقیقات کے  نتائج کی بنیاد پر کرناٹکا گرام سوراج اور پنچایت راج ایکٹ 1993 کی دفعہ 43(A)(1)(v) کے تحت کارروائی کی گئی ۔ اس ضمن میں 5 جنوری 2026 کو دیہی ترقی اور پنچایت راج محکمے کے پریذائیڈنگ آفیسر  (گرام پنچایت) شیوکمار کے ذریعے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق  جگدیش ہیگڑے کو نا اہل رکن قرار دیا گیا ہے ۔ اور آئندہ چھ سال کی مدت کے لیے کسی پنچایت کا الیکشن لڑنے کے لیے بھی نااہل ہونے کا فیصلہ سنایا گیا ہے ۔

خیال رہے کہ جگدیش ہیگڑے کے خلاف شکایت مقامی باشندے ہریش کمار نے درج کرائی تھی جس کے بعد محکمہ جاتی انکوائری شروع کی گئی تھی ۔


Share: