ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بقرعید سے قبل بھٹکل میں سکیورٹی سخت؛ افسران کو 30 مئی تک ہیڈکوارٹر میں رہنے کی ہدایت

بقرعید سے قبل بھٹکل میں سکیورٹی سخت؛ افسران کو 30 مئی تک ہیڈکوارٹر میں رہنے کی ہدایت

Fri, 22 May 2026 18:56:36    S O News
بقرعید سے قبل بھٹکل میں سکیورٹی سخت؛ افسران کو 30 مئی تک ہیڈکوارٹر میں رہنے کی ہدایت

بھٹکل 22/مئی (ایس او نیوز) : 28 مئی کو منائی جانے والی بقرعید کے پیشِ نظر بھٹکل میں احتیاطی اور سکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ امن و امان برقرار رکھنے کے مقصد سے تعلقہ سطح کے تمام افسران کو 30 مئی تک اپنے اپنے ہیڈکوارٹر میں موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

یہ ہدایت اسسٹنٹ کمشنر مہیش کی صدارت میں اسسٹنٹ کمشنر دفتر میں منعقدہ امن کمیٹی اجلاس میں جاری کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر تعلقہ بھر میں مناسب انتظامات کیے گئے ہیں اور احتیاطی تدابیر کے طور پر تمام افسران کو اپنے مراکز پر موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات کے مطابق عید  کے دوران شراب کی دکانیں بند رکھی جائیں گی۔ صفائی ستھرائی برقرار رکھنے کے لیے کچرے کی مناسب نکاسی اور ویسٹ مینجمنٹ کے انتظامات بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

bhatkal-bakrid-peace-meeting-1.jpg

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پولیس انسپکٹر دیواکر نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر افواہیں یا اشتعال انگیز مواد پھیلا کر سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بھٹکل میں دو تا تین حساس نوعیت کے واقعات پیش آئے ہیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر بے بنیاد اور گمراہ کن پیغامات کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ پولیس محکمہ اس سلسلے میں سوشل میڈیا سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رات 12 بجے کے بعد غیر ضروری طور پر سڑکوں پر گھومنے والوں سے پوچھ گچھ کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر کارروائی بھی کی جائے گی۔ اسی طرح عوامی مقامات پر بے ترتیبی سے کچرا پھینکنے والوں کی نشاندہی کرکے ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران بھٹکل میونسپل کونسل کے سابق نائب صدر الطاف کھروری نے مانسون شروع ہونے سے پہلے ہی بار بار بجلی منقطع ہونے پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً عید کے موقع پر عوام کو بجلی کی مسلسل بندش سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے تعلقہ انتظامیہ کو بجلی کی فراہمی میں خلل روکنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے چاہئیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی کرشنا مورتی، ڈی وائی ایس پی گیریش، تحصیلدار ناگیندر کولاشیٹی، میونسپل کمشنر بابا صاحب مانے، ہیسکام اے ای ای منجوناتھ، بھٹکل رورل پولیس انسپکٹر وینکٹیش، مرڈیشور پولیس انسپکٹر جگدیش سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

اس موقع پر مختلف تنظیموں کے نمائندے اور سماجی رہنما، جن میں بھٹکل تنظیم صدر عنایت اللہ شاہ بندری سمیت دیگر کئی  اراکین بھی  موجود تھے، کئی ایک نے اس موقع پر  عید کے پیشِ نظر احتیاطی اقدامات اور عوامی سہولیات سے متعلق  اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔


Share: