ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / فلپائن میں 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے سے 37 افراد ہلاک، 20 ہزار بے گھر

فلپائن میں 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے سے 37 افراد ہلاک، 20 ہزار بے گھر

Tue, 09 Jun 2026 18:42:16    S O News
فلپائن میں 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے سے 37 افراد ہلاک، 20 ہزار بے گھر

منیلا، 9/جون (ایس او نیوز /ایجنسی)فلپائن کے جنوبی صوبے سارانگانی میں پیر کی صبح آنے والے 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 37 ہو گئی ہے، جبکہ تقریباً 20 ہزار افراد اپنے گھروں سے بے دخل ہو کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اس قدرتی آفت میں تقریباً 500 افراد زخمی ہوئے ہیں اور متعدد عمارتوں، تعلیمی اداروں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

زلزلے کے بعد جاپان سمیت کئی ممالک کی جانب سے سونامی کی تنبیہ جاری کی گئی تھی، تاہم بعد میں خطرہ ٹلنے پر یہ تنبیہ واپس لے لی گئی۔ فلپائن کے دفتر برائے شہری دفاع کی ترجمان جونی کاسٹیلو کے مطابق جنوبی کوٹاباتو کے جنرل سانتوس شہر میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ سات لاکھ سے زیادہ آبادی والے اس بندرگاہی شہر میں 12 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

حکام کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں عمارتوں کے منہدم ہونے، ملبہ گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے باعث ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق فلپائن کی قومی پولیس نے ابتدائی طور پر 134 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی، تاہم بعد ازاں زخمیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ سامنے آیا۔

جنرل سانتوس شہر میں ایک دو منزلہ اسکول کی عمارت بھی زمین بوس ہو گئی، جہاں کچھ طلبہ کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ اس حوالے سے موصول ہونے والی تمام اطلاعات کی جانچ کی جا رہی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس اور انٹرنیٹ پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں کئی متاثرہ علاقوں میں جامعات، ریستورانوں اور تجارتی عمارتوں کو منہدم ہوتے دیکھا گیا۔ متعدد کاروباری مراکز کو ساختی نقصان پہنچا، سائن بورڈ گر گئے اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ شدید جھٹکوں کے دوران شہری خوف و ہراس میں گھروں اور عمارتوں سے نکل کر کھلے مقامات کی جانب بھاگتے نظر آئے۔

گرمیوں کی تعطیلات کے بعد ملک بھر میں اسکول حال ہی میں دوبارہ کھلے تھے کہ یہ تباہ کن زلزلہ آ گیا۔ مختلف اسکولوں کی نگرانی کے کیمروں کی ریکارڈنگ میں طلبہ اور اساتذہ کو شدید جھٹکوں کے دوران یا تو عمارتوں سے نکلتے یا میزوں کے نیچے پناہ لیتے دیکھا گیا۔ فلپائن کے محکمہ تعلیم کے مطابق متاثرہ تعلیمی اداروں میں پانچ ہزار آٹھ سو سے زیادہ طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ طلبہ کی سلامتی کے پیش نظر متعدد اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔

ادھر جنرل سانتوس بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حفاظتی معائنے کے لیے کئی گھنٹوں تک فضائی سرگرمیاں معطل رہیں۔ تین فضائی کمپنیوں نے مجموعی طور پر 17 اندرونِ ملک پروازیں منسوخ کر دیں۔ شہری ہوابازی کے حکام کے مطابق ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمد و رفت فی الحال سرکاری، فوجی اور امدادی سرگرمیوں تک محدود کر دی گئی ہے۔


Share: