ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / سعودی عرب میں کرناٹک کے 600 عمرہ زائرین پھنسے، ریاستی حکومت کی 24 گھنٹے ہیلپ لائنیں جاری

سعودی عرب میں کرناٹک کے 600 عمرہ زائرین پھنسے، ریاستی حکومت کی 24 گھنٹے ہیلپ لائنیں جاری

Sat, 24 Oct 2026 17:26:44    S O News
karnatka saudi helpline

بنگلورو ، 24/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) سعودی عرب کی موجودہ صورتِ حال اور بین الاقوامی پروازوں میں خلل کے پیش نظر کرناٹک حکومت نے وہاں مقیم ریاست کے باشندوں، پروازوں کی منسوخی کے باعث پھنسے افراد اور سعودی عرب جانے کی تیاری کرنے والے مسافروں کی سلامتی پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے بتایا کہ کرناٹک کے تقریباً 600 عمرہ زائرین پروازوں میں خلل کے باعث سعودی عرب میں پھنسے ہوئے ہیں اور ان کی بحفاظت واپسی کے لیے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطہ کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر پرمیشورکے مطابق، ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے اور جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے کے ساتھ رابطہ برقرار ہے۔ دونوں ادارے متاثرہ زائرین کی جلد واپسی کے لیے ایئرلائنز اور ٹور آپریٹروں کے ساتھ تال میل قائم کر رہے ہیں۔ کرناٹک کے محکمہ اقلیتی بہبود، حج و اوقاف اور محکمہ مال کے تحت ریاستی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (ایس ای او سی) بھی وزارتِ خارجہ کے تعاون سے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں پھنسے کرناٹک کے باشندوں اور ان کے اہلِ خانہ کی مدد کے لیے محکمہ حج اور ریاستی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے ذریعے 24 گھنٹے ہیلپ لائنیں فعال کی گئی ہیں۔

نائب وزیرِ اعلیٰ نے سعودی عرب میں موجود کرناٹک کے باشندوں سے اپیل کی کہ وہ پرسکون رہیں، چوکس رہیں اور مقامی حکام اور ہندوستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ فضائی حملے کی صورت میں گھروں یا عمارتوں کے اندر رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ سکیورٹی سے متعلق واقعات کی تصاویر یا ویڈیوز بنانا اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کرنا مقامی قوانین کی خلاف ورزی کا سبب بن سکتا ہے۔

سعودی عرب، بالخصوص عمرہ کے لیے سفر کا ارادہ رکھنے والوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ احتیاط سے کام لیں، سرکاری ہدایات سے باخبر رہیں اور ہوائی اڈے روانہ ہونے سے پہلے اپنی پرواز کے اوقات کی تصدیق متعلقہ ایئرلائن یا ٹور آپریٹر سے ضرور کرلیں۔

ہنگامی ہیلپ لائن نمبرات — 24 گھنٹے

محکمہ حج، کرناٹک: 9483503132، 7899707775

ریاستی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (ایس ای او سی): 1070، 080-22253707

ہندوستانی سفارت خانہ، ریاض: +966 554412016، +966 542126784

واٹس ایپ: +966 536216082 (صرف پیغامات کے لیے)

ہندوستانی قونصل خانہ، جدہ: +966 122614093، +966 556122301

واٹس ایپ: +966 536209704 (صرف پیغامات کے لیے)

سعودی عرب کے اندر ٹول فری نمبر: 8002471234

ڈاکٹر جی پرمیشورا نے سعودی عرب میں مشکلات کا سامنا کرنے والے کرناٹک کے باشندوں اور ان کے اہلِ خانہ سے اپیل کی کہ وہ ضروری مدد کے لیے ان ہیلپ لائن نمبروں پر رابطہ کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ریاستی حکومت ہندوستانی سفارت خانے اور متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی اور سعودی عرب میں موجود کرناٹک کے ہر باشندے کی سلامتی اور مدد کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔


Share: