انکولہ، 4 / جنوری (ایس او نیوز) کینی بندرگاہ کی تعمیر سے متعلق تنازعہ جو پچھلے کچھ دنوں سے سرد پڑا تھا، اب وہ پھر سے گرمانے لگا ہے کیونکہ اس علاقے میں خاموشی کے ساتھ یہاں وہاں سروے کا کام کیا جا رہا ہے اور عوام کو شک ہے کہ یہ بندرگاہ سے متعلقہ سڑک اور دوسرے تعمیراتی کام کی کڑی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ 2 جنوری کو صبح کے وقت ماہی گیری کے دھکے والے علاقے میں کچھ لوگ اپنے آپ کو بحری اڈے کے افراد بتاتے ہوئے پانی کی سطح کا سروے کرنے کی تیاری شروع کی ۔ اس پر مقامی لوگوں میں بحث اور گفتگو ہونے لگی تو تحصیلدار سمیت دیگر افسران نے موقع پر پہنچ کر مقامی لوگوں کے ساتھ ہنگامی اجلاس کیا ۔ تحصیلدار نے مقامی لوگوں کو بتایا کہ نیوی کے افراد کے علاوہ اگر کوئی اور یہاں سروے کے لئے آتا ہے، یا کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی نظر آتی ہے تو فوری طور پر تعلقہ انتظامیہ کو اس کی اطلاع دیں ۔
تحصیلدار کی اس یقین دہانی کے بعد حالانکہ عوام کی بے چینی کچھ کم ہوئی ۔ مگر وہ پوری طرح مطمئن نہیں ہیں ۔ کیونکہ نومبر میں جب بندرگاہ مخالف احتجاج کے دوران یوم سیاہ منایا گیا تھا تو ضلع ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے بھی یقین دہانی کی تھی کہ کسی کو بھی غیر مجاز طریقے سے سروے کرنے کا موقع نہیں دیا جائے گا ۔ اس کے باوجود کسی نہ کسی بہانے سے سروے کرنے کی کوشش اور پرائیویٹ کمپنی کی طرف سے کوئی نہ کوئی کام ہوتے دیکھ کر عوام کو لگتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے ۔