ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / خلیج عمان میں امریکی حملے کا دردناک اختتام، لاپتہ تین ہندوستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق

خلیج عمان میں امریکی حملے کا دردناک اختتام، لاپتہ تین ہندوستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق

Thu, 11 Jun 2026 17:29:23    S O News

مسقط ، 11/جون (ایس او نیوز /ایجنسی)عمان کی خلیج میں ’سیٹے بیلو‘ نامی جہاز پر امریکی حملے میں لاپتہ 3 ہندوستانیوں کی موت ہو گئی ہے۔ جہاز رانی کے وزیر سربانند سونووال نے بتایا کے عمان کے ساحل پر رواں ہفتے کی شروعات میں امریکی فوج کے حملے میں ان 3 ہندوستانیوں کی موت ہو گئی ہے، جن کے پہلے لاپتہ ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ خلیج عمان میں امریکی فوج نے جب ’سیٹے بیلو‘ جہاز پر حملہ کیا، تب اس پر عملے کے 28 افراد سوار تھے جن میں 24 ہندوستانی اور 4 غیر ملکی شہری (2 پاکستانی، ایک یوکرینی اور ایک روسی) شامل ہیں۔

رپورٹ  کے مطابق ’سیٹے بیلو‘ جہاز پر جن 3 ہندوستانیوں کی موت ہوئی ہے ان کی شناخت ڈیک کیڈٹ آدتیہ شرما، انجن فٹر شیوانند چورسیا اور چیف انجینئر پٹنالہ سریش کے طور پر ہوئی ہے۔ مینجمنٹ کمپنی کو جہاز پر موجود باقی لوگوں کے ساتھ رابطہ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ اموات اس وقت ہوئیں جب امریکی سینٹرل کمانڈ کی افواج نے عمان کے ساحل پر پلاؤ کے جھنڈے والے آئل ٹینکر پر حملہ کیا۔ الزام ہے کہ یہ ٹینکر ایرانی تیل پر لگی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔

ہندوستان کا کہنا ہے کہ جب جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا تو اس پر سوار 24 ہندوستانی امریکی فوج کے حملے کی زد میں آگئے۔ ہندوستان نے اس امریکی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بدھ کو ہونے والے حملے کے بعد تینوں افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی تھی جس سے ہندوستانیوں کے اہل خانہ میں تشویش پھیل گئی۔ عمان کے ساحل پر ہوئے اس حملے نے موجودہ کشیدگی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ اس اثنا میں حکومت ہند نے امریکی فوج کی حرکت پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ متوفی آدتیہ شرما کے والد نے ان کے ٹھکانے کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

دوسری طرف امریکی بحریہ نے عمان کے ساحل کے پاس سیٹے بیلو نامی کمرشیل جہاز پر ہوئے حملے کے حوالے سے کہا ہے کہ ہدایات پرعمل نہ کرنے کی وجہ سے جہاز پر حملہ کیا گیا اور اس کے انجن روم کو تباہ کردیا گیا۔ امریکی بحریہ کا 24 گھنٹے میں یہ ہندوستانی کرو والے جہاز پر لگا تار دوسرا حملہ ہے۔


Share: