بھٹکل 7 دسمبر(ایس او نیوز):کرناٹک کے سرحدی ضلع اتر کنڑا کے کاروار سے قریب سو کلو میٹر دور شمالی گوا کے سیاحتی علاقے ارپورا (Arpora) میں واقع مشہور نائٹ کلب "Birch by Romeo Lane" میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب خوفناک آتشزدگی نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد زندہ جل کر ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ رات تقریباً 1 بجے پیش آیا، جب کلب بند کرنے کی تیاریاں کی جا رہی تھیں اور بڑی تعداد میں عملہ و دیگر افراد اندر موجود تھے۔
فائر بریگیڈ اور مقامی انتظامیہ کے مطابق آگ کا آغاز عمارت کے باورچی خانے کے قریب ہوا، جہاں گیس سلنڈر کے دھماکے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں بتایا گیا کہ دھماکہ انتہائی شدید تھا، جس کے باعث چند ہی سیکنڈوں میں پوری عمارت آگ کی لپیٹ میں آگئی اور اندر موجود افراد کو نکلنے کا مناسب موقع نہ مل سکا۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ دھواں اور شعلے دیکھتے ہی دیکھتے ڈانس فلور سمیت پورے کلب میں پھیل گئے، اور متعدد افراد تنگ راستوں میں پھنس گئے۔
پولیس اور ایمرجنسی ٹیموں کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں صرف 3 سے 4 افراد سیاح تھے جبکہ باقی 19 سے زائد عملہ کے ملازمین بتائے جا رہے ہیں جو کلب بند کرنے میں مصروف تھے۔
تمام لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے گوا میڈیکل کالج اسپتال منتقل کردی گئی ہیں، جبکہ زخمیوں میں بعض افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
مقامی افراد نے امدادی کارروائیوں میں تاخیر کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ کچھ ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ فائر بریگیڈ کو مکمل قابو پانے میں کافی وقت لگا، جبکہ عمارت کے اندر ایمرجنسی ایگزٹ ناکافی ثابت ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت جائے وقوع پر پہنچے اور واقعہ کو "انتہائی افسوسناک" قرار دیتے ہوئے میجسٹریٹ سطح کی انکوائری کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ“جو بھی ذمہ دار پایا جائے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔”
وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور ہلاک شدگان کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آ رہی ہے کہ اس نائٹ کلب کے خلاف پہلے بھی تعمیراتی قواعد، فائر سیفٹی اور لائسنسنگ کے معاملے میں شکایات سامنے آچکی تھیں۔ پولیس نے کلب مینیجر کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ مالکان کے خلاف جلد قانونی کارروائی کی توقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ جانچ بھی کی جا رہی ہے کہ آیا عمارت میں فائر الارم، اسپرنکلرز اور ایمرجنسی ایگزٹ معیاری تھے یا نہیں۔