ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں فیسٹیول خونریز، فائرنگ سے 2 ہلاک، 4 زخمی

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں فیسٹیول خونریز، فائرنگ سے 2 ہلاک، 4 زخمی

Sun, 12 Jul 2026 17:33:09    S O News

ٹورنٹو، 12/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی)کینیڈا کے سب سے بڑے شہر ٹورنٹو میں منعقد ہونے والے ایک مقبول فیسٹیول کے دوران فائرنگ کے واقعے نے سنسنی پھیلا دی ہے۔ ہفتے کے روز ’سالسا آن سینٹ کلیئر‘ فیسٹیول کے مقام کے قریب فائرنگ ہوئی، جس میں دو افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس نے پورے علاقے کو محفوظ کر لیا ہے، تاہم واقعے میں ملوث ملزم کو اب تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔ ٹورنٹو پولیس کے مطابق ’سینٹ کلیئر ایونیو ویسٹ‘ اور ’آرلنگٹن ایونیو‘ کے قریب فائرنگ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی۔ جہاں 6 افراد گولی لگنے کی وجہ سے زخمی حالت میں ملے۔ سبھی زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں 2افراد کو مردہ قرار دے دیا گیا، جبکہ 4 زخمیوں کا علاج جاری ہے۔

واردات کے فوراً بعد پولیس نے لوگوں سے متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی اپیل کی تھی۔ بعد ازاں حکام نے بتایا کہ جائے وقوعہ کو مکمل طور پر محفوظ بنا لیا گیا ہے۔ حالانکہ فائرنگ میں ملوث ملزم یا ملزمان کو اب تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے اور ان کی تلاش جاری ہے۔ اونٹاریو کے ’پریمیئر ڈگ فورڈ‘ نے سوشل میڈیا پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ’سالسا آن سینٹ کلیئر‘ فیسٹیول میں پیش آنے والا بلاوجہ کا تشدد انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے 2افراد کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور زخمیوں، متاثرہ کنبوں اور اس واقعے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ٹورنٹو کو کینیڈا  کا سب سے بڑا شہر ہونے کے ساتھ ساتھ شمالی امریکہ کے محفوظ ترین بڑے شہروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ایسے میں پبلک پلیس پر متعدد افراد کو نشانہ بنایا جانا غیر معمولی واقعہ ہے۔ اس فائرنگ کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔


Share: