ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں 1.05 کروڑ ووٹر اے ایس ڈی ڈی او فہرست میں، بڑے پیمانے پر ناموں کے اخراج کا خدشہ

کرناٹک میں 1.05 کروڑ ووٹر اے ایس ڈی ڈی او فہرست میں، بڑے پیمانے پر ناموں کے اخراج کا خدشہ

Sun, 02 Aug 2026 11:23:11    S O News

بنگلورو، 2/ اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) کرناٹک میں جاری خصوصی جامع نظرِ ثانی (ایس آئی آر) مہم کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ریاست کی ووٹر فہرست میں شامل تقریباً 1,05,12,457 (ایک کروڑ 5 لاکھ 12 ہزار 457) ووٹروں کو اے ایس ڈی ڈی او (غیر حاضر، مستقل طور پر منتقل، فوت شدہ، پہلے سے درج یا دیگر زمروں) میں نشان زد کیا گیا ہے۔ یہ تعداد ریاست کے کل5,54,32,314 رجسٹرڈ ووٹروں کا 18.96 فیصدبنتی ہے۔ ان ناموں کی حتمی حیثیت جانچ، اعتراضات اور تصدیقی کارروائی کے بعد طے ہوگی، تاہم اتنی بڑی تعداد کے باعث بڑی تعداد میں ووٹروں کے نام حذف ہونے کے خدشات پر بحث تیز ہو گئی ہے۔

چیف الیکٹورل آفیسر، کرناٹک کی جانب سے ہفتہ شام 4:00 بجےاری کردہ یومیہ پریس نوٹ کے مطابق گھر گھر سروے اور فارموں کی جانچ کا عمل 30 جون سے 8 اگست 2026 تک جاری رہے گا، جبکہ اسی مدت میں فارموں کی ڈیجیٹلائزیشن بھی کی جا رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اب تک 4,38,90,252 اندراجی فارموں کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل ہو چکی ہے، جو مجموعی فارموں کا 79.18 فیصد ہے، جبکہ 10,29,605 فارموں کا اندراج ابھی باقی ہے۔

اے ایس ڈی ڈی او فہرست میں شامل ووٹروں کی تفصیل کے مطابق63,52,066 (11.46 فیصد) افراد کو مستقل طور پر دوسری جگہ منتقل شدہ، 15,03,019 (2.71 فیصد)کو غیر حاضر یا ناقابلِ شناخت، 16,01,615 (2.89 فیصد) کو فوت شدہ، 6,56,062 (1.18 فیصد)کو پہلے سے رجسٹرڈ اور 3,99,695 (0.72 فیصد)کو دیگر زمروں میں رکھا گیا ہے۔

پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب تک 6,79,648 ووٹروں نے اپنے اندراجی فارم آن لائن جمع کرائے ہیں۔

ضلع وار ڈیجیٹلائزیشن رپورٹ کے مطابق بنگلورو شہری ضلع میں عمل کی رفتار اب بھی نسبتاً سست ہے اور وہاں صرف 53.20 فیصد فارموں کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل ہوئی ہے، جبکہ 17,66,960 فارم زیرِ التوا ہیں۔ اسی طرح بی بی ایم پی جنوبی، شمالی اور وسطی علاقوں میں بھی بڑی تعداد میں فارموں کا اندراج باقی ہے۔

الیکشن حکام نے واضح کیا ہے کہ اے ایس ڈی ڈی او فہرست میں شامل تمام ووٹروں کے نام خودکار طور پر حذف نہیں کیے جائیں گے۔ ہر معاملے میں متعلقہ دستاویزات، اعتراضات، تصدیق اور قانونی طریقۂ کار مکمل ہونے کے بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اس لیے ایسے تمام ووٹروں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر ان کا نام مذکورہ فہرست میں شامل ہے تو وہ مقررہ مدت کے اندر متعلقہ بوتھ لیول افسر (بی ایل او) سے رابطہ کرکے ضروری دستاویزات جمع کرائیں تاکہ ان کے ووٹ کا حق برقرار رہ سکے۔


Share: