ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک کے مختلف اضلاع میں پیش آئے سڑک حادثات میں 10 افراد ہلاک، 3 شدید زخمی

کرناٹک کے مختلف اضلاع میں پیش آئے سڑک حادثات میں 10 افراد ہلاک، 3 شدید زخمی

Sat, 30 May 2026 00:18:58    S O News
کرناٹک کے مختلف اضلاع میں پیش آئے سڑک حادثات میں 10 افراد ہلاک، 3 شدید زخمی

بھٹکل 29/مئی (ایس او نیوز) کرناٹک کے چتردگہ سمیت مختلف اضلاع میں جمعہ کو پیش آئے الگ الگ سڑک حادثات میں کم از کم 10 افراد ہلاک جبکہ 3 دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک نوبیاہتا نوجوان بھی شامل ہے۔

سب سے المناک حادثہ چتردرگہ ضلع کے ٹمکوروہلی قومی شاہراہ نمبر 150-A پر پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار کار کا ٹائر پھٹنے کے بعد  گاڑی بے قابو ہوگئی اور سڑک کنارے کھڑی لاری سے جا ٹکرائی۔ حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ کار پر سوار پانچ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

ذرائع  کے مطابق متاثرین بلاری ضلع کے گڈارن نگر علاقے کے رہنے والے ایک ہی خاندان یا قریبی رشتہ دار تھے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ داونگیرے سے گھریلو سامان خرید کر واپس لوٹ رہے تھے۔

دوسرا حادثہ کلبُرگی تعلقہ میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب کے لیے جارہے موٹر سائیکل سواروں کی ٹریکٹر سے ٹکر ہوگئی، جس کے نتیجے میں دو نوجوان ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں کی شناخت موگٹی گاؤں کے سندیپ کانتیکار (25) اور انکلاگی گاؤں کے دنیش کے طور پر کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سندیپ کی شادی صرف 15 دن قبل ہوئی تھی اور وہ اپنے دوستوں کو دعوتِ ولیمہ کے لیے لے جارہا تھا کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے کے بعد خاندان میں کہرام مچ گیا۔

ضلع اتر کنڑا میں گوا-بیلگاوی شاہراہ پر بولیرو پِک اپ اور ماروتی سوئفٹ کار کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر میں دو افراد ہلاک جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ رات تقریباً دو بجے پیش آیا۔ زخمیوں کو ابتدائی علاج کے بعد بیلگاوی منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ اوورٹیکنگ کے دوران ایک گاڑی کے بے قابو ہونے کے سبب پیش آیا۔ مرنے والے افراد کا تعلق آندھرا پردیش سے بتایا جارہا ہے۔

شیموگہ ضلع میں بھی ایک المناک حادثہ پیش آیا جہاں کنچن ہلی کے قریب سٹّوکوٹے علاقے میں ایک موٹر سائیکل بس سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے فوری بعد بائیک میں آگ لگ گئی اور سوار شعلوں کی زد میں آگیا۔ حادثے میں 23 سالہ ابنان کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ ایک اور نوجوان شدید زخمی ہوگیا، جسے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ بس شکاری پور سے شیموگہ جارہی تھی۔

تمام حادثات کے سلسلے میں متعلقہ پولیس تھانوں میں مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ان پے در پے حادثات نے ریاست میں سڑک سلامتی کے اقدامات پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔


Share: