کنیا کماری،9؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) بھارت جوڑو یاترا کا آج تیسرا دن ہے۔ اس یاترا میں مشہور و معروف سماجی کارکن یوگیندر یادو بھی شامل ہوئے ہیں۔ یوگیندر یادو نے ایک ویڈیو پیغام جاری کر کہا ہے کہ وہ یاترا کیا جس میں مشکلات نہ ہوں۔ ہم نے جب جب یاترائیں کی ہیں، اس میں کسی نہ کسی پریشانی کا سامنا کیا ہوگا۔ دراصل یہ پریشانیاں ہی ہیں جو یاترا کے مقاصد کو بہتر بناتی ہیں۔ یوگیندر یادو نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ یہ مشکلات اور پریشانیاں بھی ایک ذمہ داری ہے۔ اسی طرح آئین کو بچانا بھی ایک ذمہ داری ہے۔
یوگیندر یادو نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس یاترا سے بی جے پی والے پریشان ہیں، یہی وجہ ہے کہ کانگریس کی کنٹینر کی تصویر بتا کر مہاراشٹر کی لگژری بسوں کی تصویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا جا رہا ہے۔ یوگیندر یادو نے کہا کہ تیر نشانے پر لگا ہے، اس کا مطلب وہ پریشان تو ہیں۔
یوگیندر یادو نے بتایا کہ پدیاترا کے دوران سڑک کے کنارے لوگوں کا ہجوم نظر آ رہا ہے۔ کوئی جواہر لال نہرو بن کر تو کوئی اندرا گاندھی بن کر بھارت یاتریوں کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں۔ یوگیندر یادو نے ساتھ ہی کہا کہ یاترا کے دوران یہ محسوس کیا گیا کہ اس یاترا کو لے کر نئے نئے نعرے بھی بن رہے ہیں۔ مثلاً 'مل کر جوڑو، خوشی سے جوڑو، بھارت جوڑو، بھارت جوڑو'، 'وہ توڑیں گے، ہم جوڑیں گے'، 'نفرت چھوڑو، بھارت جوڑو'۔ ویڈیو میں یوگیندر یادو نے اپیل کی ہے کہ اس یاترا سے سبھی کو جڑنا چاہیے۔