ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’اگنی ویر پنشن کے حقدار نہیں تو میں اپنی پنشن چھوڑنے کو تیار‘، بی جے پی رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی کی دو ٹوک

’اگنی ویر پنشن کے حقدار نہیں تو میں اپنی پنشن چھوڑنے کو تیار‘، بی جے پی رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی کی دو ٹوک

Fri, 24 Jun 2022 22:36:09    S.O. News Service

نئی دہلی،24؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) مودی حکومت کے ذریعہ حال ہی میں فوج میں بھرتی کے لیے لائی گئی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ملک بھر میں نوجوان سڑکوں پر نکل کر اس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اپوزیشن پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران اور کئی ماہرین دفاع بھی اگنی پتھ اسکیم میں موجود خامیوں کی طرف نشاندہی کر چکے ہیں اور اس منصوبہ کو واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ اس درمیان بی جے پی رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے اگنی پتھ اسکیم کے تحت فوج میں بھرتی ہونے والے نوجوانوں کو پنشن نہ دیے جانے پر سوال کھڑا کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ملک کی خدمت کرنے والے فوجیوں کو پنشن نہیں ملتا تو ہم اراکین پارلیمنٹ کو بھی چاہیے کہ اپنا پنشن چھوڑ دیں۔

بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے اس تعلق سے اپنی ہی پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’اگر اگنی ویر پنشن کے حقدار نہیں، تو میں بھی اپنی پنشن چھوڑنے کو تیار ہوں۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں ’’قلیل مدتی خدمت کرنے والے اگنی ویر پنشن کے حقدار نہیں ہیں، تو عوامی نمائندوں کو یہ ’سہولت‘ کیوں؟ ملک کی حفاظت کرنے والوں کو پنشن کا حق نہیں ہے، تو میں بھی خود کی پنشن چھوڑنے کو تیار ہوں۔ کیا ہم اراکین اسمبلی/اراکین پارلیمنٹ اپنی پنشن چھوڑ کر یہ یقینی نہیں کر سکتے کہ اگنی ویروں کو پنشن ملے؟‘‘

واضح رہے کہ اگنی پتھ اسکیم کے تحت نوجوانوں کو فوج میں چار سال کی ملازمت دی جائے گی، اور اس کے بعد ان میں سے 25 فیصد کو ہی آگے موقع دیا جائے گا۔ یعنی بقیہ 75 فیصد کی ملازمت فوج سے ختم ہو جائے گی اور وہ بے روزگار ہو جائیں گے۔ چار سال کی مدت مکمل کرنے کے بعد فوج سے نکلنے والے نوجوانوں کو فوجیوں جیسی سہولیات بھی نہیں ملیں گی۔ یہی وجہ ہے کہ فوج میں داخل ہونے کی امید لگائے نوجوانوں میں زبردست ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔


Share: