بنگلورو17؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) وزیر اعلیٰ سدرامیا کی طرف سے اقلیتوں ، پسماندہ طبقات اور دلتوں کو متحد کرتے ہوئے قائم کئے گئے اہندا کے جواب میں اقلیتوں کو بے دخل کرکے صرف ہندوؤں اور دلتوں پر مشتمل ہندا تحریک قائم کرنے ریاستی بی جے پی لیڈر ایشورپا کی کوششوں کو انہی کی پارٹی سے مخالفت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایشورپا کی اس کوشش کو ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے یکسر مسترد کردیا ہے۔ یڈیورپا کے خلاف پارٹی اعلیٰ کمان سے شکایت کرنے والے ایشورپا کے منصوبوں کو مسترد کرتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ اس کوشش کی پارٹی کے پسماندہ طبقات ، درج فہرست طبقات اور دیگر مورچوں کی طرف سے مخالفت کی جارہی ہے۔ اسی لئے کسی بھی حال میں اس تحریک کو آگے بڑھانے نہیں دیا جائے گا۔ بی جے پی پسماندہ طبقات مورچہ کے صدر بی جے پٹ سوامی نے یڈیورپا سے ایشورپا کے خلاف شکایت کی ہے تو دوسری طرف ایس سی مورچہ کے صدر بی ایس ایریا نے بھی ہندا تحریک کے قیام کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان مورچوں سے مشورہ کے بغیر جس طرح میٹنگ کا اہتمام کیاگیا ہے ،اس سے پارٹی کی ساکھ متاثر ہوگی، اسی لئے آئندہ ایسی میٹنگوں کا اہتمام نہ کرنے کی تاکید کی جائے اور یہ بھی ہدایت دی جائے کہ اس طرح کی میٹنگ اگر ہو تو پارٹی کے محاذی مورچوں کے اشتراک سے کی جائے۔ ان شکایات کو اعلیٰ کمان کے علم میں لانے کا یڈیورپا نے فیصلہ کیا ہے۔