لکھنؤ،9/فروری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے اسمبلی انتخابات میں سماج وادی پارٹی اور کانگریس اتحاد کی اسٹار پرینکا گاندھی ویلنٹائن ڈے14/فروری سے ریاست میں تشہیری مہم کا آغاز کریں گی۔ریاست میں پہلے مرحلے کی پولنگ ختم ہونے کے بعد پرینکا گاندھی تشہیر کریں گی۔پرینکا گاندھی اپنی انتخابی مہم کا آغاز کانگریس کے گڑھ مانے والے امیٹھی اور رائے بریلی سے کریں گی، جہاں پر وہ کانگریس کے ساتھ ہی اقتدار پر قابض سماج وادی پارٹی کے کچھ امیدواروں کے حق میں بھی جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔غورطلب ہے کہ اب تک امیٹھی اور رائے بریلی تک ہی سرگرم رہنے والی پرینکا گاندھی واڈرا کو بھلے ہی کانگریس نے اس بار اسٹار پرچارک کی فہرست میں شامل کیا ہے، لیکن وہ پہلے اور دوسرے مرحلے کی پولنگ والے اضلاع میں پارٹی اور اس کی اتحادی ساتھی کے امیدواروں کے لیے تشہیر نہیں کر پا رہی ہیں۔پرینکا گاندھی کانگریس کے گڑھ اور ملحقہ پوروانچل کے اضلاع میں ہی تشہیر کریں گی۔سماج وادی پارٹی چاہتی ہے پرینکا مغربی اتر پردیش میں بھی تشہیر کریں۔راہل گاندھی اور اکھلیش یادو کی مشترکہ ریلی اور روڈ شو کی طرح ہی سماج وادی پارٹی ڈمپل یادو اور جیا بچن کے ساتھ ہی پرینکا گاندھی کو بھی تشہیر ی مہم میں اتارنا چاہتی تھی۔اب جو بات سامنے آ رہی ہے، اس کے مطابق پرینکا اور ڈمپل کے لیے جو نیا پروگرام تیار ہوا ہے، اس میں تیسرے اور چوتھے مرحلے میں جہاں جہاں ووٹنگ ہونی ہے، اس پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔اس میں امیٹھی اور رائے بریلی کے ساتھ ہی الہ آباد، وارانسی، قنوج اور مین پوری شامل ہے، یہ سب وہ سیٹیں ہیں جہاں یا تو گاندھی خاندان کا اثر ورسوخ ہے یا پھر یادو خاندان کی طوطی بولتی ہے۔قابل ذکرہے کہ گزشتہ دو دہائی سے پرینکا گاندھی اپنی ماں سونیا گاندھی اور بھائی راہل گاندھی کے پارلیمانی حلقہ رائے بریلی اور امیٹھی میں ہی الیکشن میں تشہیر کرتی رہی ہیں، اب پرینکا تیسرے مرحلے کی پولنگ والے علاقوں سے انتخابی مہم کا آغاز کریں گی۔تاہم ان کا زیادہ دھیان امیٹھی اور رائے بریلی میں ہی ہوگا، لیکن وہ پوروانچل کی کچھ اہم نشستوں اور سماج وادی پارٹی کے گڑھ میں بھی تشہیر کریں گی۔