صنعاء،17؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)یمن میں عوامی مزاحمت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سرکاری فوج اور مزاحمت کار نہم کے محاذ پر ’’التبہ البیضاء ‘‘کے ٹیلے پر کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ یہ پیش رفت دارالحکومت صنعاء کے مشرق میں واقع ڈسٹرکٹ نہم میں حوثی اور صالح ملیشیاؤں کے ساتھ گھمسان کی لڑائی کے بعد سامنے آئی۔ اس دواران ہزیمت سے دوچار ہونے والی ملیشیاؤں کے 8ارکان ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جب کہ سرکاری فوج اور مزاحمت کاروں کی صفوں میں ایک رکن جاں بحق ہوا اور دو زخمی ہو گئے۔سرکاری فوج کی دارالحکومت صنعاء کے راستے میں آنے والے بقیہ علاقوں کو آزاد کرانے کے لیے پیش قدمی جاری ہے۔ الجوف صوبے میں سرکاری فوج نے خب و شعب کے ڈسٹرکٹ میں تزویرانی اہمیت کے حامل جبل الاجاشرہ کا کنٹرول واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔ادھر منگل کے روز ایک غار پر عرب اتحاد کے فضائی حملے میں حوثی ملیشیاؤں میں بھرتیوں کا ذمہ دار عمر قوہس اپنے 9ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ دوسری جانب حوثی اور معزول صالح کی ملیشیاؤں نے عدن اور تعز کو ملانے والے راستے پر ایک پُل کو دھماکے سے اڑا دیا۔