یلاپور، 13 ؍ ستمبر (ایس او نیوز) ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر سومن کے بیان کے مطابق بینک آف بروڈا یلاپور شاخ کے ایک آفیسر ذریعے 2.69 کروڑ روپوں پر ہاتھ صاف کرکے فرار ہوجانے کے معاملے میں تحقیقات تیز رفتاری سے ہو رہی ہے ، اور اس دوران یہ رقم جس اکاونٹ میں جمع ہوگئی تھی وہاں پر اب زیرو بیلنس دکھائی دے رہا ہے ۔
خیال رہے کہ آندھرا پردیش اننت پور ضلع کے رہنے والے کمار بونال نامی شخص کا تقرر پانچ مہینے قبل بینک آف بروڈا یلاپور شاخ میں اسسٹنٹ منیجر کے طور پر ہوا تھا ۔ اپنے تقرر کے بعد 5 ستمبر تک وہ بینک اہلکار کے طور پر لاگ ان کرکے کرنٹ اکاونٹ سے رقم اپنی بیوی کے کھاتے میں منتقل کرتا رہا ۔ جب بینک کے اعلیٰ افسران کو اس کی خبر ہوئی تو اس کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی گئی ۔ جس کے مطابق دھوکہ دہی کا معاملہ سامنے آنے اور شکایت درج ہونے سے قبل ہی ملزم اسسٹنٹ منیجر فرار ہو چکا تھا ۔
ضلع ایس پی نے بتایا کہ ملزم نے جس اکاونٹ میں رقم منتقل کی تھی اس میں اب کوئی رقم موجود نہیں ہے ۔ پولیس کی تحقیقاتی ٹیم ملزم کو گرفتار کرنے کے لئے سرگرمی سے کارروائی آگے بڑھا رہی ہے ۔