ہوناور ،10 ؍ جون (ایس او نیوز) بینک لون کی وجہ سے گروی رکھی گئی گاڑی کے سلسلے بینک منیجر کی نقلی دستخط اور بینک کی نقلی مہر کے ساتھ لیٹر تیار کرکے آر ٹی او آفس میں دینے والے شخص کو ہوناور کی سینئر سول اینڈ جے ایم ایف سی عدالت سے 3 سال قید اور 30 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ ہوناور تعلقہ پنچایت میں اس سے قبل فرسٹ ڈیویژن کلرک (ایف ڈی سی) کے طور پر ذمہ داری ادا کرنے والے رویندرا واسو دیو نائک نے کمٹہ کارپوریشن بینک سے 5.70 لاکھ روپے قرضہ حاصل کرتے ہوئے ٹویوٹا کوالیس کار خریدی تھی جو قانوں کے مطابق مذکورہ بینک میں گروی تھی ۔ اس کے بعد اسی کار پر دوسرے بینک سے دوبارہ قرضہ لینے کے مقصد سے واسو دیو نے قرضہ لوٹائے بغیر ہی بینک کے نقلی لیٹر ہیڈ پر منیجر کی نقلی دستخط اور مہر کے ساتھ آر ٹی او کے نام ایک لیٹر دیا جس میں کار (ہائپوتھیکیشن) گروی رہنے والی شق ختم کرنے کی درخواست کی گئی تھی ۔
اس سلسلے میں ہوناور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا تھا جس کی تفتیش اور سماعت کے بعد عدالت نے واسو دیو کو مندرجہ بالا سزا سنائی ۔