ہوناور،20؍جولائی (ایس او نیوز) منگلورو - گوا نیشنل ہائی وے 66 کی فور لین توسیع کا کام ایک طرف مختلف پیچیدگیوں اور مسائل سے گھرا ہوا ہے اور کچوے کی رفتار سے جاری ہے تو دوسری طرف مرکزی وزیر نتین گڈکری نے اس منصوبے کی تکمیل امسال دسمبر میں ہونے کا اعلان کیا ہے۔
اسی دوران خبر ملی ہے کہ رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے نے افسران کی میٹنگ منعقد کرکے انہیں کوئی سبب بتائے بغیر ہی کام پورا کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ جبکہ ہوناور شہر کے بیچوں بیچ سے گزرتے ہوئے ہائی وے پر گیروسوپا سرکل سے شراوتی سرکل تک فلائی اوور بنایا جائے گا یا پھر عام سڑک ہی رہے گی اس کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔
عوام کی مانیں تو پڑوسی ضلع جنوبی کینرا اور اڈپی میں عوامی مانگ پوری کرتے ہوئے شہر کے اندر فلائی اوور بنائے گئے ہیں ۔ مگر ضلع شمالی کینرا میں عوام کی طرف سے منتخب اراکین اسمبلی کی کسی بھی بات کو اہمیت دئے بغیر ہی آئی آر بی ٹھیکیدار کمپنی اپنی من مانی اور غیر سائنٹفک کام آگے بڑھا رہی ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہر سال مانسون میں جب برساتی پانی سڑکوں اور گڈھوں میں جمع ہوتا ہے تو اراکین اسمبلی متعلقہ افسران کو طلب کرکے یا میٹنگ منعقد کرکے انہیں لتاڑتے ہیں اور دھمکیاں دے کر چلے جاتے ہیں ۔ مگر اس کے بعد آگے وہی ہوتا ہے جو ٹھیکیدار اور افسران چاہتے ہیں۔
کئی جگہوں پر گڈھے پڑے ہیں ، کئی مقامات پر کام ادھورا پڑا ہے اور کہیں ملبہ کا ڈھیر نظر آتا ہے ۔ اور کمپنی کام کی تکمیل کرنےکے چکر میں نظر آ رہی ہے ۔ عوام اس پر حیرت جتا رہے ہیں کہ بھٹکل تعلقہ میں ہائی وے سے متعلق مسائل کو سلجھانے کے لئے ڈپٹی کمشنر نے دورہ کیا اور وہاں کا جائزہ لیا ۔ مگر ایک مرتبہ بھی ہائی وے سے متعلق ہوناور تعلقہ کے مسائل کو سمجھنے ، سننے اور غور کرنے کی کوشش نہیں کی ۔
ہوناور کے عوام کا کہنا ہے کہ کئی تنظیموں اور اداروں کی جانب سے بار بار اپیل کیے جانے کے بعد بھی فلائی اوور بنانے کے آثار دکھائی نہیں دیتے ۔ سیاسی پارٹیوں کے لیڈران جب اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو بڑی بیان بازیاں کرتے ہیں اور جب وہ خود اقتدار میں ہوتے ہیں تو اپنے منھ بند کر لیتے ہیں ۔ کسی کو بھی حقیقی معنی میں عوام کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہیں ہوتی ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ تینوں بڑی سیاسی پارٹیوں کے نمائندے اپنی پارٹی سیاست سے بلند ہو کر عوامی مسائل حل کرنے کے لئے جدوجہد شروع کریں اور عوام کو راحت دلانے کا کام کریں ۔