ہلیال 13 جولائی (ایس او نیوز) مسلسل بارش کے دوران پڑوسی گھر کی دیوار گرنے سے سوئی ہوئی ماں اور اس کی بیٹی ہمیشہ کے لئے سوگئی اور گھر کی دیوار میں دونوں زندہ دفن ہوگئیں۔ واردات ضلع اُترکنڑا کے ہلیال میں منگل کو پیش آیا۔
ان کی شناخت رُکمینی وٹھل ماچک (37) اور سری دیوی وٹھل ماچک (13) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
متوفی کے گھر کے ساتھ ہی سہدیو، شانتاراما اور جادھو کا مکان گزشتہ کئی سالوں سے خستہ حالی کا شکار تھا۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے جادھو برادران کے گھر کی دیوار پڑوسی کے گھر کی دیوار پر گرگئی۔ جس کے نتیجے میں دیوار کے نیچے سورہی ماں اور بیٹی دونوں کی موت واقع ہوگئی۔
متوفی رُکمینی کا خاندان انتہائی غریب ہے اور متوفی زرعی مزدور کے طور پر کام کرکے اپنے خاندان کا کفالت کرتی تھی۔ متوفی رُکمینی کا شوہر وٹھل ماچک بھی زراعت اور مزدوری کرتا ہے۔
بیٹی سری دیوی کو والد، والدہ، دادی اور دونوں بھائی بہت پیار کرتے تھے۔ پڑوسیوں نے بتایا کہ وہ گاؤں کے ایک سرکاری اسکول میں ساتویں جماعت میں پڑھتی تھی۔ حادثے میں دونوں کی موت پر پورے خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
پتہ چلا ہے کہ جس وقت یہ حادثہ ہوا، اُس وقت گھر پر پانچ لوگ تھے، ماں اوربیٹی ایک دیوار کی طرف تھے تو باپ اور بیٹا دوسری دیوار کی طرف تھے، تھوڑے فاصلے پر رُکمینی کی ساس بھی آرام کررہی تھی۔
تحصیلدار پرکاش گائیکواڑ، سی پی آئی رنگناتھ، پی ایس آئی شیوانند نوادگی، اُما بسرکوڈ اور محکمہ محصولات کے عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر جائزہ لیا اور متعلقہ محکمہ کے حکام نے مرنے والوں کے لواحقین کو مناسب معاوضہ دینے کا وعدہ کیا۔