ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گوا کے کانکونا میں دو کاروں کی ٹکر میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد ہلاک ؛ آٹھ زخمی

گوا کے کانکونا میں دو کاروں کی ٹکر میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد ہلاک ؛ آٹھ زخمی

Thu, 08 Sep 2022 12:47:59    S.O. News Service

کانکونا، 8 ؍ ستمبر (ایس او نیوز)    پڑوسی ریاست گوا کے کانکونا میں پیش آئے سڑک حادثے میں  ایک ہی خاندان کے 3 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ، جبکہ دیگر آٹھ شدید زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک کار پہلے   ڈیوائیڈر سے ٹکراگئی، جس کے بعد مخالف سمت سے آنے والی کارکو ٹکر ماردی۔ اس کے فوراً بعد ایک اسکوٹر جو قریب سے گذررہی تھی، وہ  بھی حادثے کی زد میں آگئی اور اسکوٹر سوار بھی شدید زخی ہوگیا۔
    
پولیس کے بیان کے مطابق یہ حادثہ منوہر پاریکر نیشنل ہائی وے کانکونا کے راج باغ - تاریر علاقے میں پیش آیا جس میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت الہاس رام ناگیکر (64 سال)، ان کی بیوی وینا (60 سال) اور ان کے فرزند ہریش (35 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ مہلوکین کا تعلق  واسکو کے اُپاس نگر سے  بتایا گیا ہے۔
    
کانکونا کے پولیس انسپکٹر چندرکانت گاوس نے بتایا کہ کاروار ماجالی کے رہنے والے الہاس ناگیکر کی کار میں کُل آٹھ افراد سوار تھے، یہ لوگ گوا کے مڈگاوں سے کاروار  واپس جارہے تھے جب مخالف سمت سے آنے والی کار بے قابو ہوگئی، اور پہلے ڈیوائیڈر سے ٹکراکر ان کی کار سے ٹکراگئی۔ حادثے میں   تین لوگوں کی موت کے ساتھ ساتھ دونوں کار پر سوار آٹھ لوگ زخمی  بھی   ہوئے  ہیں  جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی  گئی ہے ۔ زخمیوں کو علاج کے لئے قریبی  اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ 
    
حادثہ کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جس مقام پر یہ حادثہ پیش آیا ہے وہاں حالیہ دنوں میں ہونے والا یہ ساتواں حادثہ ہے ۔ متعلقہ محکمہ کے افسران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس مقام کا جائزہ لے کر یہاں جان لیوا حادثات  روکنے کے لئے  مناسب  انتظام کیا جائے ۔ 


Share: