احمد آباد ،27/مئی (ایس او نیوز/ایجنسی) آئی پی ایل کے دوسرے کوالیفائر میں گجرات ٹائٹنز نےممبئی انڈینزکو دلچسپ مقابلے کے بعد 62 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، 234 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ممبئی انڈینز کی ٹیم 18.2 اوورز میں 171 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، گجرات کے اوپنر بلے باز شبھمان گل نے 129رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ موہت شرما نے 10 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، آئی پی ایل کا فائنل اتوار 28 مئی کو گجرات ٹائٹنز اور چ چنئی سپر کنگز کے مابین کھیلا جائے گا۔جمعہ کو نریندر مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں کھیلے گئے آئی پی ایل کے دوسرے کوالیفائر میں ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
گجرات ٹائٹنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے۔ اوپنر شبھمان گل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی۔ انہوں نے 60 بالوں پر 129 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 10 چھکے اور 7 چوکے شامل ہیں۔
سائی سدرشن 43 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے جبکہ کپتان ہارڈک پانڈیا نے 13 بالوں پر 28 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ ممبئی انڈینز کی طرف سے آکاش مدھوال اور پیوش چاولہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ گجرات کے 234 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ممبئی انڈینز کی ٹیم 18.2 اوورز میں 171 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔سوریہ کمار یادونے 38 بالوں پر 61 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔ تلک ورما 43 اور کیمرون گرین 30 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ان کے علاوہ کوئی بیٹر ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔ گجرات کی طرف سے موہت شرما نے 10 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرکے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد شامی اور راشد خان نے دو دو اور جوش لٹل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔