نئی دہلی،26فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)گجرات اے ٹی ایس نے آئی ایس آئی ایس سے منسلک دو مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔ایک کو بھاؤنگر سے تو دوسرے کو راج کوٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔گرفتار کئے دونوں مشتبہ سگے بھائی ہیں اور دونوں کمپیوٹر ماہر ہیں۔دونوں مشتبہ دہشت گردوں کے پاس سے گن پاؤڈر کے ساتھ تمام دھماکہ خیز مواد بنانے والے کاغذات ملے ہیں۔گرفتار کئے دہشت گرد میں بڑے بھائی کا نام وسیم ہے جس کی عمر 30سال ہے اور چھوٹے بھائی کا نام نعیم ہے جس کی عمر 26سال ہے۔وسیم ایم سی اے اور نعیم نے بی سی اے کیا ہے۔پولیس نے دہشت گردوں سے پوچھ گچھ کی ہے۔ اس کے مطابق گزشتہ دو سال سے یہ دونوں آئی ایس آئی ایس کے ہینڈلر کے رابطے میں تھے۔
گرفتار کئے گئے مشتبہ لوگوں نے گجرات میں 15دن پہلے ایک مذہبی مقام پر حملے کی سازش بنائی تھی۔سیکورٹی کی وجہ سے حملہ کی منصوبہ بندی کو انجام نہیں دے پائے ہیں۔