بنگلورو22؍اگست(ایس او نیوز) کرناٹکا پبلک سرویس کمیشن کے ضوابط میں ترمیم لانے کیلئے وزیر اعلیٰ سدرامیا نے دو اہم فیصلے لئے ہیں ان فیصلوں کے ذریعہ روزگار کے متلاشی لاکھوں امیدواروں کو کافی فائدہ ہوگا۔ گزیٹیڈ پروبیشنری عہدوں پر بھرتی کیلئے ہونے والے امتحانات میں حاضری کیلئے جو اوسط 1:3تھا اسے اب 1:5کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں آج ودھان سودھا میں منعقدہ میٹنگ میں سدرامیا نے افسران کو ہدایت دی کہ کے پی ایس سی امتحان میں حاضری کے اوسط میں نئی شرح کے مطابق تبدیلی لائی جائے۔ اس تبدیلی کے ساتھ ہی سرکاری اسامیوں کیلئے کے پی ایس سی میں انٹرویو کیلئے زیادہ امیدواروں کو موقع میسر آئے گا۔ خاص طور پر سماج کے کمزور طبقات اور دیہی علاقوں کے طلبا کو نئے ضوابط سے کافی سہولیات پیدا ہوں گی۔ سرکاری ملازمتوں کے ساتھ مختلف بورڈز اور کارپوریشنوں کیلئے الگ الگ زمروں میں بھرتی کیلئے سابقہ ضابطہ کے تحت 60 فیصد مارکس لازمی قرار دئے گئے تھے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے اس ضابطہ میں نرمی لانے کیلئے کے پی ایس سی قانون میں ترمیم کی ہدایت دی ہے۔ نئے ضوابط کے تحت تمام گریجویٹ امیدوار کے پی ایس سی امتحان کیلئے درخواست دینے کے اہل ہوجائیں گے۔ اور تمام کو تحریری امتحان میں حاضری کی گنجائش بھی ملے گی۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا کی صدارت میں محکمۂ ڈی پی اے آر کی جائزہ میٹنگ کے دوران سدرامیا نے کے پی ایس سی کے اعلیٰ عہدیداروں کو یہ ہدایت جاری کی۔