واشنگٹن،7اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکا نے شام میں باغیوں کے زیر اثر علاقوں میں کیمیائی حملے کے جواب میں شام کے خلاف میزائل سے کئی حملے کیے ہیں۔ امریکی محکمہ دفاع کے مرکز پینٹاگون کا کہنا ہے کہ مشرقی بحیرہ روم میں بحری بیڑے سے تقریبا 50 ٹام ہاک کروز میزائل سے شام کے ایک ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے ہی شام کی فضائی بیس پر حملے کا حکم دیا تھا جہاں سے منگل کو شامی فضائیہ نے حملے کیے تھے۔ انھوں نے اس موقع پر تمام مہذب ممالک سے شام میں تنازع کو ختم کرنے میں مدد کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ شام کے ادلب کے علاقے خان شیخون میں مشتبہ زہریلی گیس کے حملے میں اب تک 27 بچوں سمیت کم سے کم 72 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں نے شام پر فضائی حملے کے دوران کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے جس کی شامی حکومت نے تردید کی ہے۔اس سے قبل امریکی وزیرِ خارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا تھا کہ شام کے مستقبل میں بشار الاسد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ شام میں منگل کو مشتبہ کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال ایک سنگین معاملہ ہے اور اس کے لیے سنجیدہ جواب کی ضرورت ہے۔