تروونت پورم، یکم اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )وکلاء کے ایک گروپ کی طرف سے کیرالہ ہائی کورٹ کی کارروائی کوکور کرنے سے صحافیوں کو روکے جانے کے ایک دن بعد آج گورنر اور سابق چیف جسٹس پی سداشیوم نے کہا کہ میڈیا اور وکیل اپنے اختلافات کو بات چیت کے ذریعے سلجھائیں۔ایک بیان میں سداشوم نے کہا کہ میڈیا اور وکلاء کے کام کاج جمہوریت کو برقرار رکھنے کے لئے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔گورنر نے کہا کہ سول سوسائٹی کو وکلاء اور صحافیوں سے بہت امید ہوتی ہیں کیونکہ ان کے کام ہمارے ملک میں جمہوریت کو برقرار رکھنے کے لئے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانونی برادری لوگوں کے لئے انصاف یقینی بناتی ہے تو عدالت کے احاطے میں میڈیا کی موجودگی سے معاشرے کو معلومات حاصل کرنے کا حق یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے۔سداشوم نے کہا کہ دونوں کے درمیان اختلافات معاشرے کے مفاد میں نہیں ہے اور ایسے میں دونوں اپنے اختلافات بات چیت کے ذریعے پرامن طریقے سے دور کرنے چاہئے۔