ترواننت پورم،22؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کیرالہ میں جمعہ کو منکی پاکس کے تیسرے معاملہ کی تصدیق کی گئی۔ ملاپورم ضلع میں متحدہ عرب امارات سے لوٹنے والا ایک نوجوان اس بیماری سے متاثر پایا گیا ہے۔ یہ معلومات عہدیداران نے دی۔ نوجوان کو الگ تھلگ کر کے ضلع کے منجیری کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ریاست اور ملک میں یہ منکی پاکس کا تیسرا معاملہ ہے۔ پہلا کیس 14 جولائی کو سامنے آیا تھا، جب متحدہ عرب امارات سے آنے والا ایک نوجوان کولم میں متاثر پایا گیا تھا۔ کچھ دن بعد دبئی سے آنے والے ایک اور شخص کا ٹیسٹ کیا گیا تو وہ بھی متاثر پایا گیا۔
دریں اثنا، ریاستی وزیر صحت وینا جارج نے جمعہ کو صحت کے حکام کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرنے کے بعد کہا کہ منکی پاکس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حالات پوری طرح سے قابو میں ہیں اور محکمہ صحت کے اہلکار اس سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
ریاست کے تمام 14 اضلاع میں آئسولیشن وارڈ تیار کیے گئے ہیں اور آنے والے مسافروں کی نگرانی کے لیے ریاست کے چاروں ہوائی اڈوں پر خصوصی ہیلتھ ڈیسک قائم کی گئی ہیں۔ اس سے نمٹنے کے لیے صحت کے تمام افسران کو تربیت بھی دی جا رہی ہے۔