نئی دہلی، 8/مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے وزیر اعلی کیجریوال کے خلاف دہلی حکومت میں آبی وسائل کے سابق وزیر کپل مشرا کی انکشافات اور الزامات کو ایک اچھی شروعات قرار دیا ہے۔راہل گاندھی نے پیر کو کپل مشرا کی جانب سے کیجریوال پر لگائے گئے الزامات پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کر کے کہاکہ مجھے سچائی کی سب سے اچھی عادت یہی لگتی ہے کہ سچ سامنے آکر رہتا ہے۔دراصل، کپل مشرا نے ہفتہ کو کیجریوال پر الزام لگاتے ہوئے دعوی کیا تھاکہ میں نے کیجریوال کو ستیندر جین سے دو کروڑ روپے لیتے ہوئے دیکھاہے۔میں نے کیجریوال سے پوچھا کہ یہ کیا ہے، تو انہوں نے کہا کہ سیاست میں کچھ چیزیں بعد میں بتائی جاتی ہیں۔اس کے بعد کپل مشرا نے اینٹی کرپشن بیور (اے سی بی)سے اس کی جانچ کرانے کے لیے شکایت کی ہے، ساتھ ہی سی بی آئی سے بھی معاملے کی جانچ کرانے کا اعلان کیا ہے۔اس دوران کانگریس اس پورے معاملے کو لے کر وزیر اعلی سے ان کے استعفی کا مطالبہ کر رہی ہے۔کانگریس کے مطابق،اتنے سنگین الزامات کے بعد کیجریوال کو اپنے عہدے پر برقرار رہنے کا اخلاقی حق نہیں ہے۔