نئی دہلی،15/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی بیوی سنیتا کیجریوال نے پیر کو پارٹی سے معطل کئے گئے سابق وزیر کپل مشرا کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کیجریوال پر لگائے گئے جھوٹے الزامات کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔سنیتا نے ٹوئٹ کر کے کہاکہ قدرت کا قانون کبھی غلط نہیں ہوتا، کپل نے اعتماد شکنی کی ہے اور جھوٹے الزامات کے بیج بوئے ہیں، وہ ویسا ہی کاٹیں گے۔سنیتا کیجریوال کا یہ بیان مشرا کے اس بیان کے بعد آیا ہے، جن میں انہوں نے کہا تھا کہ عام آدمی پارٹی (آپ)نے پارٹی کو دئیے گئے چندوں اورفرضی کمپنیوں کے ذریعے کی گئی منی لانڈرنگ کے بارے میں الیکشن کمیشن کو غلط معلومات دی ہے۔ادھر، کپل مشرا نے بھی سنیتا کے حملے کا جواب دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سنیتا کیجریوال جی سادھنا میں رت بیوی ہیں، انہیں اندازہ نہیں ہے کہ انہی کے گھر میں کیسی کیسی سازش رچی جاتی ہے، وہ اپنا دھرم نبھارہی ہیں۔اپنے دوسرے ٹوئٹ میں کپل مشرا نے کہا کہ سنیتا کیجریوال جی سچ سے ناواقف ہیں، وہ اپنے شوہر کے زوال سے پریشان ہیں،ان کی ہر گالی سر ماتھے پر، ان کے خلاف کبھی کچھ نہیں کہیں گے۔اسی کے ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اروند کجریوال جی سنیتا جی کا فون انہیں واپس دے دو۔غورطلب ہے کہ کپل مشرا نے اتوار کو الزام لگایا تھا کہ پارٹی نے کارکنوں اور حکومت سے تقریبا 36کروڑ روپے چھپائے ہیں۔حالانکہ آپ نے ان الزامات کو بی جے پی کی سازش قرار دیا اور انہیں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کپل مشرا کے کندھے پر رکھ کر بندوق چلا رہی ہے۔واضح رہے کہ کپل مشرا 10 /مئی سے اپنی رہائش گاہ پر غیر معینہ بھوک ہڑتال پر ہیں، مشرا مطالبہ کر رہے ہیں کہ کیجریوال گزشتہ دو برسوں میں اپنے پانچ لیڈروں سنجے سنگھ، آشیش کھیتان، راگھو چڈھا، ستیندر جین اور درگیش پاٹھک کے غیر ملکی دوروں کے اخراجات کی تفصیلات پیش کریں۔کپل مشرا نے دہلی حکومت سے ہٹائے جانے کے ایک دن بعد 7 /مئی کو کیجریوال پر دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین سے دو کروڑ روپے کی رشوت لینے کا الزام لگایا تھا۔مشرا کو 8 /مئی کو پارٹی سے معطل کر دیا گیاتھا۔