تہران،11؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ایرانی وزارت خارجہ نے عسکری امور سے متعلق اسرائیلی جریدے کی رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ایران نے مصری صحرائے سینا میں داعش تنظیم کو اسلحہ فروخت کیا ہے۔اسرائیلی جریدے ’’اسرائیل ڈیفنس‘‘نے منگل کے روز ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ "مصری صوبے سیناء کے ایک عسکری کیمپ میں تربیت کے دوران داعش تنظیم کے جنگجوؤں کے قبضے میں ایرانی ساخت کا اسلحہ دیکھنے میں آیا۔ رپورٹ کے مطابق ایران مذکورہ دہشت گرد تنظیم کے جنگجوؤں کو متعدد قسم کا اسلحہ بالخصوص AM-50فراہم کر رہا ہے۔جریدے نے ایران سیناء کو اسلحہ فروخت کر رہا ہے کے عنوان کے تحت بتایا ہے کہ اسی نوعیت کا اسلحہ ایران نے حزب اللہ، شامی حکومت کی فوج اور غزہ میں اپنی حلیف فلسطینی تنظیموں کو بھی فراہم کیا۔دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ایک ذمہ دار نے بدھ کے روز کہا ہے کہ ان کے ملک کے صحراء سینا میں داعش کو اسلحہ فروخت کرنے کے حوالے سے دعوے مضحکہ خیز اور سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں۔