نئی دہلی، 9/مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عام آدمی پارٹی (آپ)کی ابتدائی رکنیت سے معطل کئے گئے آپ حکومت کے سابق وزیر کپل مشرا نے منگل کو وزیر اعلی اروند کیجریوال کے نام کھلا خط لکھا ہے۔جس میں انہوں نے دہلی حکومت اور پارٹی کی اندر مبینہ بدعنوانی کا خلاصہ کرتے ہوئے وزیر اعلی کو نئی دہلی یا کراول نگر سیٹ سے اپنے خلاف الیکشن لڑنے کا چیلنج دیا ہے۔مشرا نے خط میں کہا کہ اروند جی، آپ کا دل جانتا ہے کہ ستیندر جین سے آپ کے کس طرح کے تعلقات ہیں۔آپ کو معلوم ہے کہ میں کس قسم کے پیسوں کی ڈیل کی بات کر رہا ہوں، آپ کو پتہ ہے کہ اگر اس دن صبح میں نے اے سی بی کو خط نہیں لکھا ہوتا،تو آپ مجھے آنا فانا میں نہیں ہٹاتے۔یہ بات آپ نے پی اے سی کے کئی ساتھیوں کو بھی بتائی ہے اور انہوں نے مجھے بتایا۔مشرا نے کہا، مجھے معلوم ہے کہ آج آپ کو (کیجریوال)اسمبلی میں خود ہی اپنی بے گناہی ثابت کرنے کی کوشش کرو گے۔اپنے ہی ممبران اسمبلی سے تالیاں بجواؤگے، خود ہی مجرم، خود ہی جج اور خود ہی گواہ بھی ہو گے، لیکن، میں سی بی آئی کو وہ سب کچھ بتاؤں گا جو مجھے معلوم ہے۔انہوں نے کہاکہ مجھے بتایا گیا ہے کہ آپ میری اسمبلی کی رکنیت ختم کروانے کی تیاری کر رہے ہیں۔وہپ کی طرف سے مجھے اسمبلی سے ہٹوانے کی تیاری کی جارہی ہے، مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔بس اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ تھوڑی اخلاقیات بچی ہے، اگر تھوڑا سا بھی بھروسہ ہے آپ کو اپنے آپ پر، تو میرا ایک چیلنج قبول کر لیجئے، آپ میری کراول نگر سیٹ یا اپنی نئی دہلی کی سیٹ منتخب کر لیں، میں بھی استعفی دیتا ہوں،آپ بھی انتخابی میدان میں آ جائیے، سیٹ آپ کی مرضی کی، آپ کے پاس دولت،طاقت اور لوگوں کی پوری ٹیم، میں اکیلا، آئیے لڑتے ہیں الیکشن۔انہوں نے کہا کہ پیر کی شام سے اب تک 211شکایتیں پارٹی اور حکومت میں بدعنوانی سے جڑی ہوئی مجھ تک پہنچی ہیں، جو کچھ گزشتہ دو سالوں میں پردے کے پیچھے ہوا ہے،وہ بہت افسوسناک ہے۔آپ نے اور آپ کے چار پانچ ساتھیوں نے مل کر ملک کااعتماد توڑا ہے۔