کولمبیا 26ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)آج کولمبیا کے صدر خوآن مانوئل سانتوس اور مارکسی باغی لیڈر تیموچَینکو ایک امن ڈیل پر دستخط کرنے والے ہیں۔ اس ڈیل کے ساتھ ہی نصف صدی سے چلی آ رہی وہ جنگ اپنے اختتام کو پہنچ جائے گی، جس کے دوران ڈھائی لاکھ سے زائد انسان مارے گئے، ملکی معیشت مفلوج ہو گئی اور کولمبیا تشدد کا گڑھ بن کر رہ گیا تھا۔ ہوانا میں چار سال تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد پینسٹھ سالہ صدر سانتوس اور ستاون سالہ باغی لیڈر، جن کا جنگی نام تیموچینکو ہے، پہلی مرتبہ کولمبیا کی سرزمین پر عالمی رہنماؤں کی موجودگی میں ایک دوسرے سے ہاتھ ملائیں گے۔ کارٹاجینا میں منعقدہ اس تقریب میں ڈھائی ہزار غیر ملکی اور ملکی مندوبین شرکت کریں گے۔